
جموں, 6 نومبر (ہ س)جموں و کشمیر ریونیو ڈیپارٹمنٹ اس وقت سنگین انتظامی بحران سے دوچار ہے، کیونکہ نائب تحصیلداروں کی 160 پروموشنل اسامیاں کئی برسوں سے خالی پڑی ہیں، جس کے باعث فیلڈ دفاتر کی کارکردگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور ریونیو سے متعلق متعدد اہم امور التوا کا شکار ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق 152 گرداور، جنہوں نے جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کی جانب سے منعقدہ ریونیو سروس امتحان کامیابی سے پاس کیا تھا، جنوری 2019 سے لوک آفٹر نائب تحصیلدار کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تاہم تمام اہلیت شرائط پوری کرنے کے باوجود، محکمانہ ترقیاتی کمیٹی کی میٹنگوں میں تاخیر کے سبب ان کی باقاعدہ ترقیات تاحال عمل میں نہیں آ سکیں۔
ایک افسر نے کہا کہ اتنے طویل عرصے تک ڈی پی سی کا نہ ہونا محکمہ ریونیو کے نچلی سطح پر کام کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ان خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے عمل میں فوری تیزی لائے۔
محکمہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ خالی اسامیاں پُر کر دی گئیں تو نہ صرف انتظامی کارکردگی بحال ہوگی بلکہ اس سے 160 نئے پٹواریوں کی بھرتی کا راستہ بھی ہموار ہوگا، جس کے نتیجے میں اراضی سے متعلق اور دیگر عوامی خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر