
کولکاتہ، 7 نومبر (ہ س):۔
مغربی بنگال میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے عمل کو لے کر اٹھنے والے سوالات کے درمیان، کلکتہ ہائی کورٹ نے قومی الیکشن کمیشن سے حلف نامہ طلب کیا ہے۔ قائم مقام چیف جسٹس سوجوئے پال کی زیرقیادت ایک ڈویژن بنچ نے کمیشن کو 18 نومبر تک حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی جس کے تحت ریاست میں ایس آئی آر کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
جمعرات کو سماعت کے دوران درخواست گزار نے استدلال کیا کہ ایس آئی آر سال 2002 کی بنیاد پر کیوں کرایا جا رہا ہے جب کہ 2025 سے اپ ڈیٹ شدہ ڈیٹا کو بنیاد کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ایس آئی آر کی آخری تاریخ میں توسیع کی بھی درخواست کی اور یہ کہ یہ عمل عدالتی نگرانی میں چلایا جائے۔ یہ مفاد عامہ کی عرضی پنٹو کرار نے دائر کی ہے۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے بوتھ لیول آفیسرز (بی ایل اوز) کی حفاظت کا مسئلہ بھی اٹھایا اور کہا کہ گھر گھر سروے کے دوران بی ایل اوز کو کئی مقامات پر خطرات کا سامنا ہے۔ عدالت نے واضح آبزرویشن دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے اہلکاروں کی حفاظت کرنا جانتی ہے اس لیے الگ سے ہدایات کی ضرورت نہیں۔
الیکشن کمیشن کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے کہا کہ آخری ایس آئی آر 2002 میں کرایا گیا تھا، اس وقت جن لوگوں کے نام فہرست میں تھے انہیں نئی دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت نہیں۔ کمیشن نے یہ بھی کہا کہ بی ایل اوز ریاست بھر میں گھر گھر جا کر فارم کی تقسیم اور تصدیق کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بنگال میں جب سے ایس آئی آر شروع ہوا ہے سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ترنمول کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ یہ عمل آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل درست ووٹروں کے ناموں کو ہٹانے کی سازش کے ایک حصے کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا، بی جے پی نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ