
جموں, 6 نومبر (ہ س)جموں و کشمیر حکومت نے خطے کی ثقافتی وراثت کے تحفظ اور ہنرمندانہ روزگار کو فروغ دینے کے لیے چیف منسٹرز اسکیم فار انٹروڈکشن آف ہیریٹیج کورسز کو منظوری دے دی ہے۔ یہ اقدام اسکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت عمل میں لایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے دفتر کے مطابق، اس اسکیم کے تحت ریاست کی سات روایتی دستکاریوں کو ازسرِ نو زندہ کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس مقصد کے لیے آئی ٹی آئیز اور پولی ٹیکنک اداروں میں 25 تربیتی مراکز قائم کیے جائیں گے، جن میں مجموعی طور پر 500 طلبہ کو داخلہ دیا جائے گا۔
حکومتی ترجمان نے بتایا کہ منصوبے کا بنیادی مقصد جموں و کشمیر کی قدیم فنون و حرفت کو جدید تربیتی نظام کے ساتھ جوڑنا اور انہیں نوجوانوں کے لیے پائیدار روزگار کے مواقع میں تبدیل کرنا ہے۔
اس اسکیم کے تحت تربیت حاصل کرنے والے طلبہ کو ماہانہ وظیفہ اور انسٹرکٹرز کو اعزازیہ فراہم کیا جائے گا تاکہ تربیت کے معیار اور شمولیت دونوں میں بہتری لائی جا سکے۔ذرائع کے مطابق، یہ منصوبہ کشمیر کی مشہور دستکاریوں جیسے لکڑی کی نقاشی، پیپر ماشی، شال بافی اور دیگر ثقافتی فنون کو فروغ دینے میں سنگِ میل ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف خطے کی روایات محفوظ رہیں گی بلکہ نوجوان نسل کو باعزت روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر