

دھار، 6 نومبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے دھار ضلع میں پیتھم پور صنعتی علاقے کے انڈوراما سیکٹر-3 میں واقع لوبریکینٹ آئل بنانے والی شیوم انڈسٹریز کمپنی میں بدھ کی دیر رات خوفناک آگ لگنے سے دو افراد زندہ جل کر ہلاک ہو گئے۔ جمعرات کو آگ مکمل طور پر بجھانے کے بعد جب فیکٹری کے احاطے میں جانچ کی گئی، تو آئل ٹینکر کے اندر دو باڈی ملے۔ ابتدائی تفتیش میں اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ فیکٹری کے ہی ملازمین تھے، جو آگ کی لپٹوں میں پھنس گئے اور باہر نہیں نکل سکے۔ پولیس فی الحال معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔
پولیس کے مطابق شیوم انڈسٹریز میں بدھ کی رات تقریباً 8 بجے آگ لگی۔ یہ آگ کمپنی کے لوبریکینٹ آئل ٹینکر میں لگی تھی۔ وہاں ایک اور ٹینکر کھڑا تھا، جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور ریسکیو کا کام شروع کیا گیا۔ تقریباً 6 گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا گیا۔ اس میں تقریباً 300 لیٹر فوم اور 10 فائر فائٹرز کے ذریعہ تقریباً ایک لاکھ لیٹر پانی استعمال کیا گیا۔ احتیاطاً آس پاس کے تمام راستے بند کر دیے گئے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پیتھم پور تھانہ کے انچارج سنیل شرما اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ جمعرات کی صبح تقریباً 4 بجے تک آگ پر مکمل قابو پایا جا سکا۔ جمعرات کی صبح جب آگ مکمل طور پر قابو میں آئی، تو فائر بریگیڈ اور پولیس نے ٹینکر کی جانچ کی۔ جانچ کے دوران پولیس انتظامیہ نے کمپنی کے ملازمین سے پوچھ گچھ کی۔ ایک مزدور نے بتایا کہ دو مزدور لاپتہ ہیں اور ان کے فون نہیں لگ رہے ہیں۔ اس کے بعد تھانہ انچارج سنیل شرما کی قیادت میں پولیس ٹیم نے راکھ کے ڈھیر اور دیگر مقامات پر باریکی سے تلاشی شروع کی۔ اس دوران جلے ہوئے ٹینکر کے نیچے دو انسانی جسد خاکی دبے ہوئے ملے۔ ریسکیو ٹیم نے مشینوں کی مدد سے ٹینکر کے نیچے سے جسد خاکی کو باہر نکالا۔ فی الحال پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور ملازمین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ آگ لگنے کے اسباب کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔
پیتھم پور تھانہ انچارج سنیل شرما نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں سے ایک کی شناخت ساگر کے رہائشی نیرج اہیروار کے طور پر ہوئی۔ نیرج دو بچوں کا والد تھا، جن میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ دوسرے شخص کے گجرات کے رہائشی ہونے کی اطلاع ملی ہے، جو تین چار دن قبل ہی کام پر لگا تھا۔ اس کی شناخت کے اقدامات جاری ہیں۔ دھار سے ایف ایس ایل (فورینسک سائنس لیب) کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی ہے اور جانچ کر رہی ہے۔ جسد خاکی کو ٹیسٹ کے لیے بھوپال بھیجا جا رہا ہے۔
سب ڈویژنل آفیسر راہل گپتا نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے بعد مسلسل پانی کا چھڑکاو کیا گیا تھا۔ انہوں نے لاپتہ مزدوروں اور انسانی جسد خاکی ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایف ایس ایل ٹیم جانچ کر رہی ہے۔ دوسرے شخص کی شناخت کے اقدامات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن