
آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول میں الیکٹورل لٹریسی کلب کا قیام
علی گڑھ، 6 نومبر (ہ س)۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایت کے مطابق 18 تا 19 سال کے اہل نوجوانوں کو ووٹر لسٹ میں شامل کرنے اور ووٹنگ کی اہمیت کے سلسلے میں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول میں ایک خصوصی اسمبلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں الیکٹورل لٹریسی کلب کا باضابطہ قیام عمل میں آیا۔
اس اقدام کا مقصد طلبہ میں جمہوری اقدار کو فروغ دینا، انہیں اپنے حقِ رائے دہی سے آگاہ کرنا اور قومی جمہوری عمل میں ان کی فعال شرکت کو یقینی بنانا ہے۔
اس موقع پر اسکول کے پرنسپل سید تنویر نبی نے ووٹنگ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ووٹ دینا محض ایک حق نہیں بلکہ ایک قومی اور شہری ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے آئینِ ہند کے دیباچے کی تشریح کرتے ہوئے بتایا کہ یہ انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت جیسے بنیادی قومی مقاصد کا عکاس ہے، جنہیں ہر شہری کو اپنی زندگی میں اپنانا چاہیے۔
سیاسیات کے استاد ڈاکٹر محمد رضوان عالم نے ووٹ کو ”جمہوریت کی روح“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر ووٹ ملک کے مستقبل کی سمت متعین کر سکتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ووٹر رجسٹریشن اور انتخابی عمل سے واقف ہونے کی تلقین کی اور کہا کہ مؤثر شرکت ہی ایک متحرک جمہوریت کی بنیاد ہے۔
پروگرام کے اختتام پر طلبہ نے عہد کیا کہ وہ خود کو ووٹر کے طور پر رجسٹر کرائیں گے اور دوسروں کو بھی اس قومی فریضے کی ترغیب دیں گے۔ پروگرام کا اختتام قومی ترانے کے ساتھ ہوا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ