
علی گڑھ, 6 نومبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ نیوروسرجری نے اینڈوسکوپک نیوروسرجری اور علمی تربیت کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ اس شعبہ کی کامیابیوں کو یو پی–یو کے نیوروکان 2025 میں سراہا گیا، جہاں شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر رمن شرما کو نیوروسرجری کے فروغ میں ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔
ڈاکٹر رمن شرما نے حال ہی میں ایک پیچیدہ برین اینیورزم کلپنگ سرجری کو مکمل طور پر اینڈوسکوپک ٹرانس نیزل اپروچ کے ذریعہ انجام دیا، جو ایک نایاب اور تکنیکی طور پر مشکل عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ شعبہ اینڈوسکوپک اسکل بیس سرجری کے میدان میں تیزی سے مہارت حاصل کر رہا ہے اور اب یہ خطے کے چند ایسے مراکز میں شامل ہے جہاں اینڈوسکوپک اسپائن سرجریز معمول کے مطابق انجام دی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سپر اسپیشلٹی نیوروسرجری تربیتی پروگرام، جو دو سال قبل شروع کیا گیا تھا، اپنی پہلی مدت کے اختتام کے قریب ہے، اور اس کے تحت ایک اینڈوسکوپک اسپائن کانفرنس منعقد کرنے کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے تاکہ عملی تربیت اور علمی تبادلہ کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
ڈاکٹر رمن شرما نے کہا کہ ”علی گڑھ اب جدید اینڈوسکوپک اسکل بیس سرجری کا مرکز بن چکا ہے اور ہم اپنے مریضوں کو اعلیٰ معیار کی خصوصی طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔“
شعبہ کے ریزیڈنٹ ڈاکٹر دیپک نے یو پی–یو کے نیوروکان 2025 میں اینڈوسکوپک پِٹیوٹری سرجری اینڈ وِزوئل آؤٹکم“ کے موضوع پر اپنا مقالہ پیش کر کے دوسرا انعام حاصل کیا، اور اس سے قبل ایک قومی سطح کی کانفرنس میں بھی دوسرا مقام حاصل کیا۔
فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد نے شعبہ کی ترقی اور پیشہ ورانہ کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ پروفیسر امجد علی رضوی، پرنسپل جے این ایم سی، نے شعبہ کی مسلسل عمدہ کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے اسے کالج کی علمی اور طبی ساکھ کو مستحکم کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ