
علی گڑھ, 3 نومبر (ہ س)جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ ریڈیو ڈائگنوسس کے پروفیسر محمد خالد کو فیکلٹی آف میڈیسن کا نیا ڈین مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی مدتِ کار 4 نومبر 2025 سے آئندہ دو سال ہوگی۔پروفیسر خالد تین دہائیوں سے زیادہ کا تدریس و تحقیق کا تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ 1991 میں بطور کلینیکل رجسٹرار شعبہ ریڈیو ڈائگنوسس سے وابستہ ہوئے۔ وہ یکم جنوری 2009 سے اے ایم یو میں پروفیسرہیں۔ وہ ایم بی بی ایس، ایم ڈی (ریڈیو ڈائگنوسس) اور میڈیکل لیب ٹکنالوجی کے طلبہ کی تدریس و تربیت سے وابستہ ہیں۔انہوں نے قومی و بین الاقوامی جرائد میں ساٹھ سے زائد تحقیقی مقالات شائع کیے ہیں، خصوصاً الٹراساؤنڈ اور سی ٹی امیجنگ کے شعبوں میں، جن میں باڈی امیجنگ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انھوں نے متعدد ریسرچ طلبہ کی رہنمائی کی ہے اور مختلف کانفرنسوں میں خطبات دئے ہیں۔ پروفیسر خالد نے تدریسی و تحقیقی خدمات کے ساتھ ساتھ انتظامی ذمہ داریاں بھی نبھائی ہیں۔ وہ اے ایم یو میں ڈپٹی پراکٹر رہ چکے ہیں۔ وہ انڈین کالج آف ریڈیولوجی اینڈ امیجنگ کے فیلو ہیں اور انڈین ریڈیولوجیکل اینڈ امیجنگ ایسوسی ایشن سے بھی وابستہ رہے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ