
علی گرھ, 3 نومبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے یو جی سی–مالویہ مشن ٹیچر ٹریننگ سینٹر (یوجی سی-ایم ایم ٹی ٹی سی) نے تین ہفتے کا آن لائن تربیتی پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل کیا، جس میں اے ایم یو کے مختلف اسکولوں کے 235 اساتذہ کو جدید تدریسی طریق ہائے عمل کی تربیت دی گئی۔
اختتامی اور تقسیم اسناد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ایم یو رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر نے شرکاء کو مبارکباد پیش کی اور بدلتے ہوئے تعلیمی رجحانات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ”تعلیم و تدریس کے طریقے وقت کے ساتھ نمایاں طور پر تبدیل ہوئے ہیں، اس لیے جدید دور کے اساتذہ کو بھی ان تبدیلیوں کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔انہوں نے اساتذہ کی مسلسل پیشہ ورانہ تربیت کو معیاری تعلیم کی بنیاد قرار دیا۔
پروفیسر اسفر علی خان، ڈائریکٹر، اسکول ایجوکیشن، اے ایم یو نے اسکولی تعلیم میں درپیش نئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اساتذہ کی باقاعدہ تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹریٹ آف اسکول ایجوکیشن اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کے فروغ کے تئیں پُرعزم ہے۔
ڈاکٹر فائزہ عباسی، پروگرام ڈائریکٹر، یو جی سی–ایم ایم ٹی ٹی سی نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے جذبے اور تدریسی معیار میں بہتری کے لیے کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اسکول ایجوکیشن ڈائریکٹریٹ کے فعال کردار کی بھی تعریف کی۔
اس موقع پر پروفیسر عاصم ظفرکو رجسٹرار کے عہدے پر تقرری کے لیے مبارکباد پیش کی گئی اور فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرامز میں ان کی طویل خدمات کا اعتراف کیا گیا۔
تربیتی پروگرام میں تین بنیادی موضوعات مؤثر تدریس (کوآرڈینیٹر: پروفیسر عاصم ظفر، شعبہ کمپیوٹر سائنس)،ابلاغی صلاحیتیں (کوآرڈینیٹر: پروفیسر سعید جمال، شعبہ تعلیم) اور انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹکنالوجی (کوآرڈینیٹر: پروفیسر ساجدالاسلام،شعبہ انگریزی) شامل تھے۔ شرکاء نے فیڈبیک سیشن میں اپنے تجربات بیان کئے۔ ڈاکٹر ثمینہ فاضلی، پرنسپل اے ایم یو اے بی کے اسکول اور ڈاکٹر سید فیض زیدی، سینئر سیکنڈری اسکول نے پروگرام کے ذریعے تدریسی معیار میں نمایاں بہتری کا ذکر کیا۔
شرکاء کو ان کے اداروں کے پرنسپلز کی جانب سے اسناد پیش کی گئیں۔ تقریب کی نظامت عبداللہ اسکول کے استاد مسٹر معراج الدین نے کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ