
علی گڑھ, 3 نومبر (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ پلاسٹک سرجری کے چیئرمین ڈاکٹر محمد فہد خرم کو انٹرنیشنل کنفیڈریشن آف پلاسٹک سرجری سوسائٹیز (آئیکوپلاسٹ) کے تحت قائم آئیکوپلاسٹ ٹرینی کمیٹی کا ممبر مقرر کیا گیا ہے۔ آئیکوپلاسٹ ٹرینی کمیٹی دنیا بھر کے ابھرتے ہوئے ماہرین اور اساتذہ پر مشتمل ایک معزز بین الاقوامی ادارہ ہے، جو پلاسٹک اور ری کنسٹرکٹیو سرجری کے شعبے میں عالمی اشتراک و تعاون، اختراع اور تعلیم کو فروغ دینے کے لیے کام کرتا ہے اور بالخصوص ٹرینیز کی پیشہ ورانہ ترقی اور تعلیمی تبادلے پر توجہ دیتا ہے۔ ڈاکٹر خرم کی اس کمیٹی میں شمولیت اُن کی تدریسی قیادت، سرجیکل تربیت اور بین الاقوامی سطح پر پلاسٹک سرجری کی تعلیم میں ان کی سرگرم شمولیت کا اعتراف ہے۔ اس سے قبل، ڈاکٹر خرم کو امریکہ کی سوسائٹی آف سرجیکل آنکولوجی (ایس ایس او) کی رکنیت بھی عطا کی گئی، جو کینسر کی سرجری سے متعلق تحقیق اور تعلیم کے فروغ میں ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔ سوسائٹی آف سرجیکل آنکولوجی دنیا کی معروف پیشہ ور تنظیموں میں سے ایک ہے، جو کثیرموضوعاتی کینسر علاج، تحقیق اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے کام کرتی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ