جوبلی ہلز میں کانگریس کا موقف مستحکم ، ریونت ریڈی کا وزراء و قائدین کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ، 3 نومبر (ہ س)۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے جوبلی ہلزاسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا ۔وزیراعلی نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ،ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی ،پونم پربھاکر،ٹ
جوبلی ہلز میں کانگریس کا موقف مستحکم ، ریونت ریڈی کا وزراء و قائدین کے ساتھ اجلاس


حیدرآباد ، 3 نومبر (ہ س)۔

وزیراعلی ریونت ریڈی نے جوبلی ہلزاسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا ۔وزیراعلی نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ،ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی ،پونم پربھاکر،ٹی ناگیشورراؤ ،جی ویویک وینکٹ سوامی ،اے آئی سی سی سکریٹری وشواناتھن اورجوبلی ہلز کی انتخابی مہم میں شامل قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ وزیراعلی کی قیامگاہ پر اجلاس میں انتخابی مہم اور ووٹرس کے رجحان کا جائزہ لیا گیا ۔وزیراعلی نے بی آر ایس کے قریبی حلقوں سے جاری کی جانے والی سروے رپورٹ پرسخت ردعمل ظاہر کیا اور قائدین سے کہا کہ وہ گمراہ کن سروے رپورٹس کا شکارنہ ہوں ۔وزیراعلی نے کہا کہ بنیادی سطح پر کانگریس کا موقف مستحکم ہے اورعوام میں الجھن پیدا کرنے فرضی رپورٹس جاری کی جارہی ہیں ۔ وزیراعلی نے کہا کہ انتخابی مہم میں عوام کے جوش وخروش سے پتہ چلتا ہے کہ نوین یادو کی کامیابی یقینی ہے ۔ وزیراعلی نے قائدین سے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل میں کوئی کوتاہی نہ کریں اور بوتھ سطح کی کمیٹیوں کومتحرک کیا جائے ۔ وزیراعلی نے وزراء سے کہا کہ وہ انتخابی مہم کے اختتام پر اپنے الاٹ کردہ ڈیویژنس پرتوجہ مرکوز کریں ۔ انچارج ، وزراء کے ساتھ لنچ میٹنگ میں ریونت ریڈی نے مختلف سروے رپورٹس کا حوالہ دیا ۔ انہوں نے کہاکہ دو دن میں روڈ شو کے دوران انہوں نے عوام میں کانگریس کے حق میں غیر معمولی لہر دیکھی ہے ۔ وزیراعلی نے کہا کہ بی آر یس سے جاری کردہ ’کے کے سروے ‘ سے گمراہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے شکست کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکارہوکر بوگس سروے جاری کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام بلدی ڈیویژنس میں کانگریس کا موقف مستحکم ہے ۔ اجلاس میں وزراء نے انتخابی مہم میں عوامی ردعمل سے واقف کرایا ۔ بتایا جاتاہے کہ بعض وزراء نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے بارے میں عوامی سوالات سے واقف کرایا ۔ وزیراعلی نے وزراء اور قائدین سے کہا کہ وہ حکومت کی فلاحی اسکیمات وعدوں کی تکمیل کے بارے میں عوام کو واقف کرائیں ۔ انتخابی مہم میں شامل ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ پارٹی کی کامیابی کو اولین ترجیح دیں ۔ انہوں نے اپوزیشن کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande