
علی گڑھ, 3 نومبر (ہ س)،
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اے ایم یو ملیالی ایسوسی ایشن نے شعبہ جدید ہندوستانی زبانوں کے ملیالم سیکشن کے اشتراک سے کیرالہ کا یوم تاسیس ”کیرالیئم“ کے عنوان سے منایا۔ یہ تقریب لائبریری کے کلچرل ہال میں منعقد ہوئی، جس میں طلبہ، اساتذہ اور مہمانان نے کیرالہ کی لسانی، فنی اور فکری وراثت کا جشن منایا۔
تقریب کا افتتاح اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے بحیثیت مہمانِ خصوصی کیا۔ انہوں نے کیرالہ کے عوام کو ان کی تعلیمی کامیابیوں، روشن خیالی اور سماجی ترقی کے جذبے پر سراہا اور کیرالہ کو سماجی ترقی اور انسانی فلاح کا نمونہ قرار دیا۔ انہوں نے طلبہ کو کیرالہ کی روایات کو فنونِ لطیفہ کے ذریعے پیش کرنے پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین، پروفیسر ٹی این ستیسن کو اے ایم یو میں 37 سالہ علمی خدمات کے اعتراف میں مہمان خصوصی کے بدست اعزاز سے نوازا گیا۔ پروفیسر ستیسن 1988 میں اے ایم یو کے شعبہ جدید ہندوستانی زبانوں سے وابستہ ہوئے۔ وہ شعبہ کے چیئرمین اور اے ایم یو سنٹر ملاپورم کے ڈائرکٹر بھی رہ چکے ہیں۔
پروگرام کا آغاز اے ایم یو ملیالی ایسوسی ایشن کے سکریٹری مسٹر سابتھ کے خیرمقدمی کلمات سے ہوا۔ تنظیم کے صدر مسٹر عاشق نے ثقافتی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا اور اے ایم یو کی علمی و سماجی زندگی میں ملیالی برادری کے فعال کردار کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر سفینہ بیوی، مسٹر عبدالعزیز این پی اور مسٹر رافسل بابو سی وی نے بھی اظہار خیال کیا، جنہوں نے کیرالہ کی ادبی و فکری روایات اور ملیالم زبان کے ہندوستانی ثقافت پر دیرپا اثرات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر مختلف ثقافتی پیشکش نے حاضرین کا دل موہ لیا۔ اس میں نادن پٹو (لوک نغمے)، اوپّنا، وٹّاپّٹو اور کلاسیکی رقص شامل تھے جس سے کیرالہ کے فنونِ لطیفہ سے لوگ روشناس اور محظوظ ہوئے۔ اے ایم یو ملیالی ایسوسی ایشن کی خازن مس عائشہ رابعہ نے آخر میں کلمات تشکر ادا کئے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ