خانگی میڈیکل کالجس کے پی جی نشستوں میں 85 فیصد مقامی امیدواروں کو داخلہ
حیدرآباد ، 3 نومبر (ہ س)۔ تلنگانہ حکومت نے خانگی میڈیکل کالجس میں پوسٹ گریجویشن کے مینجمنٹ کوٹہ نشستوں میں 85 فیصد نشستیں مقامی امیدواروں کیلئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کی نمائندگی کے بعد یہ فیص
خانگی میڈیکل کالجس کے پی جی نشستوں میں 85 فیصد مقامی امیدواروں کو داخلہ


حیدرآباد ، 3 نومبر (ہ س)۔

تلنگانہ حکومت نے خانگی میڈیکل کالجس میں پوسٹ گریجویشن کے مینجمنٹ کوٹہ نشستوں میں 85 فیصد نشستیں مقامی امیدواروں کیلئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کی نمائندگی کے بعد یہ فیصلہ کیا ۔ مقامی میڈیکل طلبہ طویل عرصہ سے مینجمنٹ کوٹہ میں نشستیں الاٹ کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ مینجمنٹ کوٹہ کے تحت فی الوقت آل انڈیا زمرے کے تحت داخلوں کی گنجائش تھی جس میں ملک بھرسے تعلق رکھنے والے امیدوارداخلہ حاصل کرسکتے تھے ۔ نئی پالیسی کے تحت تلنگانہ کے امیدواروں کو 85 فیصد نشستیں الاٹ کی جائیں گی اور باقی 15 فیصد نشستوں پرملک بھرکے امیدوار داخلہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ وزیر صحت نے مقامی طلبہ کی جانب سے گزشتہ کئی برسوں سے پی جی میڈیکل نشستوں میں تحفظات کے مطالبہ سے وزیراعلی کوواقف کرایا ۔ سرکاری کوٹہ کی نشستوں میں مقامی طلبہ کیلئے کم مواقع اور خانگی کالجس میں بھاری فیس کے نتیجہ میں تحفظات کی مانگ کی جارہی تھی ۔ ہیلت سکریٹری نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے جس کے تحت خانگی میڈیکل کالجس کے مینجمنٹ کوٹہ میں 85 فیصد مقامی طلبہ کوداخلہ دیا جائے گا ۔ نئی پالیسی کے ذریعہ مقامی طلبہ کو 318 پوسٹ گریجویٹ میڈیکل نشستیں اور 70 ڈینٹل نشستیں حاصل ہوں گی ۔ حکومت کی پالیسی کے تعین سے قبل 60فیصد نشستیں غیر مقامی طلبہ کو الاٹ کی جارہی تھی ۔ حکومت کے تازہ فیصلہ سے تلنگانہ میڈیکل گریجویٹس کو فائدہ ہوگا اور وہ پوسٹ گریجویٹ کی تکمیل کرپائیں گے ۔ وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعلی کایہ فیصلہ تاریخی ہے جس کے نتیجہ میں ہزاروں میڈیکل طلبہ کے خوابوں کی تکمیل ہوگی ۔ تلنگانہ کے نوجوان ڈاکٹرس کو پوسٹ گریجویٹ کورسیس میں داخلے کی سہولت ہوگی اور تلنگانہ میں پوسٹ گریجویٹ کی تکمیل کرنے والے ڈاکٹرس کی تعداد میں اضافہ ہوگا ۔ تعلیمی سال 2025-26 کے دوران 31 پی جی میڈیکل کالجس کی جانب سے 2983 نشستیں فراہم کی جارہی ہے جن میں 12 سرکاری کالجس کی 1472 اور 19 خانگی کالجس کی 1511 نشستیں شامل ہیں ۔گورنمنٹ کالجس میں 50فیصد نشستیں آل انڈیا کوٹہ کے تحت الاٹ کی جاتی ہے جبکہ 50 فیصد عہدیدار مجاز کے کوٹہ میں الاٹ کی جاتی ہے ۔خانگی کالجس میں 50 فیصد نشستیں عہدیدار مجاز کے کوٹہ کے تحت جبکہ باقی 50 فیصد منیجمنٹ کوٹہ کے تحت الاٹ کئے جارہے تھے ۔ مینجمنٹ کوٹہ کی 741 نشستوں میں 318 نشستیں مقامی طلبہ کیلئے مختص کی جائیں گی جبکہ 56 نشستوں پر ملک بھر کے امیدوار داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande