
ممبئی ، 23 نومبر (ہ س)۔ اندھیری کے حسین بھنگر واڑی علاقے میں زیورات سازی کی ایک ورکشاپ میں کیمیائی ردعمل کے نتیجے میں زہریلی گیس پھیل گئی، جس سے 20 سالہ احمد حسین کی موت ہو گئی، جبکہ اس کی بہن صبا شیخ اور پڑوسی نوشاد انصاری بے ہوشی کی حالت میں اسپتال پہنچائے گئے۔ دونوں اس وقت ہولی اسپرٹ اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پولیس اور ایم آئی ڈی سی تھانے کی ٹیم نے واقعہ کے بعد عمارت کا معائنہ کیا اور تفتیش شروع کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق عمارت کی پہلی منزل پر قائم ورکشاپ میں ہفتہ کی رات احمد زیورات صاف کرنے کے لیے پانی میں سوڈیم سلفیٹ ملا رہا تھا۔ مقدار زیادہ ہونے کے باعث اچانک تیز دھواں اٹھنے لگا جو ایک زہریلی گیس میں بدل گیا اور چند لمحوں میں اس نے احمد کی سانس بند کرنا شروع کر دی۔ نوجوان نے تکلیف کے باعث شور مچایا لیکن جلد ہی بے ہوش ہوکر زمین پر گر پڑا۔آواز سن کر احمد کی 17 سالہ بہن صبا اور 28 سالہ پڑوسی نوشاد مدد کے لیے اندر گئے، مگر اندر کے شدید دھوئیں نے انہیں بھی متاثر کر دیا، جس کے نتیجے میں دونوں بے ہوش ہوگئے۔ کچھ دیر بعد احمد کے والد گھر لوٹے تو تینوں کو بے سدھ پایا اور فوراً پولیس کو اطلاع کی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہولی اسپرٹ اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹر احمد کو بچا نہ سکے۔ دوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے