دھولیہ میں مبینہ چوری کے الزام میں 14 سالہ لڑکے کی پیٹھ پر گرم لوہے سے تشدد، دو افراد گرفتار
دھولیہ ، 23 نومبر (ہ س) دھولیہ ضلع کے بھامپور شیوار گاؤں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں 14 سالہ ہمانشو نامی لڑکے کو ٹریکٹر کی لائٹ چوری کرنے کے شبہ میں اغوا کر کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد شیرپور
TEEN TORTURED OVER SUSPICION OF THEFT


دھولیہ ، 23 نومبر (ہ س) دھولیہ ضلع کے بھامپور شیوار گاؤں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں 14 سالہ ہمانشو نامی لڑکے کو ٹریکٹر کی لائٹ چوری کرنے کے شبہ میں اغوا کر کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد شیرپور سٹی پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ زخمی لڑکا فی الحال شیرپور کے سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں زیر علاج ہے۔

پولیس کے مطابق ہمانشو ہفتے کی صبح اپنے گھر سے لاپتہ ہوا، جس کے بعد اس کے والدین نے گمشدگی کی شکایت پولیس اسٹیشن میں درج کرائی۔ والدین نے بتایا کہ وہ شام کو گھر لوٹا تو اس کے جسم پر شدید چوٹوں کے نشانات تھے اور وہ انتہائی کمزور حالت میں تھا۔ بچے کا کہنا ہے کہ اسے زبردستی اٹھا کر لے جایا گیا، راستے میں بری طرح پیٹا گیا اور تشدد کے دوران اس کی پیٹھ پر گرم لوہے سے داغ لگایا گیا۔

شکایت کی روشنی میں شیرپور پولیس نے سنیچر کی رات کارروائی کرتے ہوئے بھامپور کے رہنے والے چنتامن عرف چنٹو صاحب راؤ کولی اور سچن عرف ڈاکٹر صاحب راؤ کولی کو حراست میں لیا۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد پر اغوا، حملہ، سنگین جسمانی اذیت اور قتل کی کوشش جیسی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے، جبکہ چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت بھی کارروائی کی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملہ سنگین نوعیت کا ہے اور جانچ کے دوران مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ تفتیش افسران اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا واقعہ میں مزید افراد ملوث تھے یا بچے پر تشدد کے پیچھے کوئی اور وجہ تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مکمل حقائق سامنے آنے تک تفتیش کا دائرہ وسیع رکھا جائے گا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande