
بھوپال، 23 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے کھنڈوا ضلع کی پولیس نے نقلی نوٹوں کی چھپائی اور پھیلاو میں سرگرم ایک بین الاضلاع گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ کارروائی میں گروہ کے ماسٹر مائنڈ ڈاکٹر پرتیک نولکھے سمیت تین ملزمان کو بھوپال سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 25 ہزار کے نقلی نوٹ، 9 موبائل فون، ایک لیپ ٹاپ، 32 اے ٹی ایم، 15 چیک بک، ڈرائر مشین سمیت بڑی مقدار میں مواد برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس ہیڈ کوارٹر نے اتوار کو بتایا کہ گزشتہ 2 نومبر کو کھنڈوا ضلع کے تھانہ جاور علاقے کے گرام پیٹھیا میں مخبر کی اطلاع پر مولانا زبیر کے کمرے میں چھاپہ مارا گیا تھا۔ پولیس نے وہاں سے 19 لاکھ 78 ہزار کے نقلی نوٹ اور نوٹ چھاپنے کے آلات برآمد کیے تھے۔ فوجداری مقدمہ درج کر کے اس کی تحقیقات تھانہ انچارج جاور انسپکٹر شیام سنگھ بھادلے کے ذریعے لگاتار کی جا رہی ہے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کھنڈوا پولیس سپرنٹنڈنٹ منوج کمار رائے نے ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ (شہر) مہندر تارنیکر کی قیادت میں ایک اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی تھی۔ ایس آئی ٹی کی طرف سے تکنیکی اور زمینی سطح پر تحقیقات مسلسل جاری تھی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران یہ معلومات ملی کہ ملزم مولانا زبیر کو نقلی نوٹ فراہم کرنے والا مرکزی ملزم برہان پور کا رہنے والا ڈاکٹر پرتیِک نولکھے ہے۔ اس کے بعد مخبر سے پولیس ٹیم کو اطلاع ملی کہ اس معاملے میں شامل ملزمان بھوپال کے باغ مغالیا علاقے میں واقع ایک کرائے کے مکان میں چھپے ہوئے ہیں۔ اطلاع کے بعد جاور تھانہ پولیس ٹیم نے 23 نومبر کو بھوپال میں چھاپہ مارا اور تین ملزمان پرتیِک نولکھے (رہائشی برہان پور، عمر 43)، گوپال عرف راہل (رہائشی ہردا، فی الحال رہائشی باغ مغالیا بھوپال، عمر 35) اور دنیش گورے (رہائشی امراوتی، مہاراشٹر، عمر 43) کو گرفتار کیا۔ تمام ملزمان کے قبضے سے پولیس نے 25 ہزار روپے کے نقلی نوٹ، 9 موبائل فون، ایک لیپ ٹاپ، 32 اے ٹی ایم، 15 چیک بک، ڈرائر مشین سمیت بڑی مقدار میں مواد برآمد کیا ہے۔
مدھیہ پردیش پولیس کی طرف سے کی گئی فوری اور مربوط کارروائی کے نتیجے میں نقلی کرنسی کے پھیلاو میں سرگرم ایک منظم گروہ کا پردہ فاش ممکن ہو سکا۔ پولیس کی چوکسی، تکنیکی تجزیہ اور ٹیم ورک سے صوبے میں معاشی جرائم پر موثر کنٹرول قائم ہوا ہے۔ شہریوں کی حفاظت اور قانون و انتظام کو مضبوط بنائے رکھنے کی سمت میں مدھیہ پردیش پولیس ہمیشہ پرعزم ہے اور مستقبل میں بھی ایسے مقدمات میں سخت اور فیصلہ کن کارروائی جاری رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن