
نئی دہلی، 23 نومبر(ہ س )۔
عام آدمی پارٹی نے آئین میں ترمیم کے ذریعے چندیگڑھ پر پنجاب کے اختیارات ختم کرنے کی بی جے پی کی مرکزی حکومت کی کوشش پر شدید حملہ بولا ہے۔ آپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال، پنجاب کے انچارج منیش سسودیا اور دیگر رہنما ں نے اسے آئین کی بنیادی روح یعنی وفاقیت کے قتل کے مترادف قرار دیا ہے۔ارویند کیجریوال نے کہا کہ مرکزی حکومت چنڈیگڑھ کو پنجاب سے الگ کرکے پنجاب کی روح کو زخمی کر رہی ہے۔ ملک کی سلامتی، اناج، پانی اور انسانیت کے لیے ہمیشہ قربانیاں دینے والے پنجاب کو اسی کے جائز حصے سے محروم کیا جا رہا ہے۔ پنجابیوں نے کبھی کسی آمرانہ طاقت کے آگے سر نہیں جھکایا۔ چندیگڑھ پنجاب کا ہے اور پنجاب کا ہی رہے گا۔ ارویند کیجریوال نے ایکس پر لکھا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت دستور میں ترمیم کے ذریعے چندیگڑھ پر پنجاب کے حق کو ختم کرنے کی جو کوشش کر رہی ہے، وہ کوئی معمولی قدم نہیں بلکہ پنجاب کی شناخت اور اس کے آئینی حقوق پر براہِ راست حملہ ہے۔ وفاقی ڈھانچے کو تار تار کرکے پنجاب کے حقوق چھیننے کی یہ ذہنیت نہایت خطرناک ہے۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ جس پنجاب نے ملک کی سلامتی، اناج، پانی اور انسانیت کے لیے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، آج اسی پنجاب کو اس کے اپنے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ یہ محض کوئی انتظامی فیصلہ نہیں، بلکہ پنجاب کی روح کو زخمی کرنے والا اقدام ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ پنجابیوں نے کبھی کسی تانا شاہی کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ آج بھی نہیں جھکائیں گے۔ چندیگڑھ پنجاب کا ہے اور پنجاب کا ہی رہے گا۔ عام آدمی پارٹی کے پنجاب انچارج منیش سسودیا نے ایکس پر لکھا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت پنجاب کے ہر شہری کے حق پر سب سے بڑا ڈاکا ڈال رہی ہے۔ چندیگڑھ پر پنجاب کے حق کو ختم کرنے والا یہ قانون دستور کی بنیادی روح، یعنی وفاقیت، کی کھلی قتل گاہ ہے۔ آج بابا صاحب ڈاکٹر امبیڈکر کی روح کس قدر رنجیدہ ہوگی۔ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں ہوگا کہ ایک دن مرکز میں ایسی حکومت آئے گی جس کی ذہنیت ہی ریاستوں کو کمزور کرکے انہیں بے اختیار کرنے کی ہوگی۔منیش سسودیا نے کہا کہ بی جے پی کی بے شرمی دیکھیں کہ وہ پنجاب کے حقوق پر سب سے بڑا حملہ ایسے وقت میں کر رہی ہے جب پوری دنیا شری گرو تیغ بہادر صاحب جی کی 350ویں شہادت برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔ وہی گرو صاحب جنہوں نے ہندو دھرم اور انسانیت کی حفاظت کے لیے پنجاب سے دہلی آکر اورنگزیب کی تانا شاہی کا مقابلہ کیا تھا۔ تاریخ اس بات کی بھی گواہ ہے کہ دہلی کی تانا شاہی کے سامنے پنجاب نہ جھکا ہے اور نہ جھکے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais