
نئی دہلی، 19 نومبر (ہ س):۔
دہلی کی شمالی ضلع پولیس نے علاقے میں بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں اور چھینا جھپٹی کی وارداتوں کو روکنے کے لئے ایک ماہ طویل خصوصی مہم میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ 17 اکتوبر سے 16 نومبر تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران، پولیس نے 32 لٹیروں/ چھینا جھپٹی کرنے والوں کو گرفتار کیا، جن میں پانچ نابالغ بھی شامل ہیں۔ 30 گرام پگھلا ہوا سونا، 13 موبائل فون، چھ موٹر سائیکلیں، دو اسکوٹر، ایک ای رکشہ، نقدی، چاقو، لوہے کے راڈ سمیت دیگر اشیاءبرآمد کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجہ بنتھیا نے بدھ کے روز کہا کہ ضلعی پولیس نے مہم کے دوران کل 19 کیسز کو کریک کیا۔ اس مقصد کے حصول کے لیے ہر تھانے میں الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج، مخبروں، تکنیکی تحقیقات اور مسلسل گشت کی بنیاد پر ملزمان کی شناخت کی۔
آپریشن کے دوران کوتوالی تھانے میں پرسچھین کر فرار ہونے والے دو جرائم پیشہ افراد، تیمار پور کے بس اسٹینڈ پر موبائل فون چھیننے، منگل سوتر چھیننے کے بعد سبزی منڈی میں خاتون پر حملہ، گلابی باغ، لاہوری گیٹ، اور کشمیری گیٹ میں موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں سمیت کئی اہم مقدمات کو حل کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے بتایا کہ علاقے میں ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ایسے واقعات کو مکمل طور پر روکنے کے لیے پولیس گشت اور پکیٹ چیکنگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ آئندہ بھی ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی اور مجرموں کو بخشا نہیں جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ