
حیدرآباد ، 19 نومبر (ہ س)۔ شہرحیدرآباد کے کئی علاقوں میں گھنی کہر دیکھی گئی۔سردی کے ساتھ کہر شہر کے علاقوں شاپور، میڑچل، بی ایچ ای ایل، آر سی پورم اور یونیورسٹی آف حیدرآباد میں دیکھی گئی۔صبح کی سردی کے باعث شہر کی عام طور پر مصروف رہنے والی سڑکوں پر خاموشی چھا گئی تھی۔ اس کے باوجود کئی افراد حسبِ معمول چہل قدمی اور جاگنگ کے لیے سڑکوں اور پارکوں کا رخ کرتے دکھائی دیئے تاہم ضعیف شہریوں نے احتیاط کو ترجیح دی اور اپنی سرگرمیوں کو محدود رکھا۔یوسف گوڑہ کے کرشنا کانت پارک کے بشمول کئی بڑے پارکوں میں عام طور پر سورج نکلنے سے قبل جمع ہونے والے واکرس نے کہر کم ہونے کے بعد ہی اپنی سرگرمی شروع کی۔کہر کے ساتھ ہی سڑک کنارے چائے اور کافی پینے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھاگیا۔ لوگ گرم مشروبات کے ذریعہ سردی سے بچنے کی کوشش کرتے رہے۔شہر میں کہر کے پیش نظر، تینوں پولیس کمشنریٹس نے موٹر سواروں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے کیونکہ کہر نے سڑکوں پر منظرواضح دیکھنے کی صلاحیت کم کردی ہے۔ پولیس نے ہدایت دی کہ کہرکے دوران گاڑیوں میں لو بیم ہیڈ لائٹس استعمال کریں اور ہائی بیم کے استعمال سے گریزکریں۔ کہر والے علاقوں میں داخل ہوتے ہی فوگ لائٹس کو آن کرنے کی تلقین بھی کی گئی۔صرف شہر ہی نہیں، ریاست کے کئی اضلاع خاص طورپرعادل آباد، آصف آباد، نرمل،منچریال اور ملگ میں بھی کہر کی کیفیت دیکھی گئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق