
حیدرآباد ، 19 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر شہری ترقی منوہر لال نے کہاہے کہ تلنگانہ میں جاری ترقیاتی کاموں کےلئے مرکزمکمل تعاون فراہم کرے گا۔انہوں نے کہاکہ2047 تک وکست بھارت کے نشانہ کو تب ہی حاصل کیاجاسکتاہے۔جب ملک کے تمام علاقے، یہاں تک کہ دیہات کی سطح تک ترقی یافتہ ہوں۔اس مقصدکے لئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو باہمی تعاون کے ساتھ آگے بڑھناہوگا۔حیدرآباد میں منعقدہ جنوبی اور مشرقی ریاستوں کے وزرائے شہری ترقی کے علاقائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ مرکز جلدہی حیدرآباد میٹرو ریل کے دوسرے مرحلے کے لئے تعاون فراہم کرے گا۔ اسی طرح موسیٰ ندی کی صفائی اوراس میں نئی جان ڈالنے کے پروجکٹ کیلئے بھی مرکز مدد دینے کے لئے تیار ہے۔مرکزی وزیر نے کہاکہ 2050 تک ملک کی معیشت میں شہروں کا حصہ موجودہ 60 فیصد سے بڑھ کر 80 فیصد تک پہنچ جائے گا، اس لئے شہری ترقی ملک کے مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔قبل ازیں اجلاس میں تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے مرکز سے مختلف بڑے ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت میٹرو ریل توسیع، ریجنل رنگ روڈکی تعمیر، گوداوری کے پانی کی منتقلی، موسیٰ ندی کی مکمل صفائی اور دیگر بڑے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے اور ان سب کے لئے مرکز کا تعاون ضروری ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا نشانہ ہے کہ 2034 تک تلنگانہ کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنایاجائے۔ 2047 تک تین ٹریلین ڈالر کی معیشت حاصل کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ ریاست میں ڈرائی پورٹ کے قیام کی منصوبہ بندی جاری ہے اور آئندہ سال حیدرآباد میں 3 ہزارالیکٹرک بسیں متعارف کرائی جائیں گی۔ریونت ریڈی نے کہا کہ آئندہ ماہ 9 دسمبر کو ’تلنگانہ رائزنگ 2047‘ ویژن ڈاکومنٹ جاری کیا جائے گا جو ریاست کے طویل مدتی ترقیاتی خاکے کا حصہ ہے۔اجلاس میں آندھرا پردیش، گجرات اور دیگر جنوبی و مشرقی ریاستوں کے وزرائے شہری ترقی، اعلیٰ حکام، تلنگانہ کے چیف سکریٹری رام کرشناراؤاور مختلف محکموں کے اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق