
نئی دہلی، 17 نومبر (ہ س)۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے سعودی عرب میں مدینہ مکہ ہائی وے پر ایک حادثے میں ہندوستانی عمرہ زائرین کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا، میں مدینہ میں ہندوستانی شہریوں کے ساتھ پیش آنے والے حادثے سے بہت غمزدہ ہوں۔ میری تعزیت ان خاندانوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپنے عزیزوںکو کھو دیا، میں تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں۔ ریاض میں ہمارا سفارت خانہ اور جدہ میں قونصلیٹ جنرل ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔ ہمارے حکام بھی سعودی عرب کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا کہ وہ مدینہ-مکہ ہائی وے پر المناک بس حادثے کی خبر سے صدمے اور گہرے غم میں مبتلا ہیں، جس میں متعدد ہندوستانی عازمین کی جانیں گئیں۔ رجیجو نے کہا کہ ہندوستانی حکومت سعودی عرب میں اپنے سفارت خانے سے رابطے میں ہے۔ سفارت خانے کے اہلکار مقامی انتظامیہ سے معلومات اکٹھا کر رہے ہیں اور متاثرہ ہندوستانیوں اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔ رجیجو نے کہا، سوگوار خاندانوں سے میری دلی تعزیت ہے۔ خدا انہیں اس مشکل وقت میں طاقت دے۔
انہوں نے سعودی عرب میں ہندوستانی شہریوں اور عازمین حج کے تئیں بھی گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ رابطے کے لیے ٹول فری ہیلپ لائن نمبرز شیئر کیے گئے ہیں۔ یہ نمبر ہیں: 8002440003، 0122614093، 0126614276، اور 0556122301 (واٹس ایپ)۔ حکومت نے کہا کہ تمام متعلقہ ایجنسیاں صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور امدادی کوششیں تیزی سے جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ