
جموں, 17 نومبر (ہ س)۔ ڈوڈہ پولیس نے لازمی کرایہ دار کی تصدیق کی ہدایات کی خلاف ورزی پر ایک مکان مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے، جو ضلع میں جاری سیکورٹی اقدامات کا اہم حصہ ہے۔اطلاعات کے مطابق، نگری توندوا علاقے میں معمول کی گشت کے دوران پی ایس آئی سونالیکا شرما کی قیادت میں پولیس کی ٹیم کو ایک لڑکی مشکوک حالت میں ملی۔ ابتدائی پوچھ تاچھ میں اُس نے انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ 15 تا 16 دنوں سے علاقے میں ایک کرایہ کے کمرے میں رہائش پذیر ہے۔
پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ کرایہ کے کمرے کا معائنہ کیا، جہاں اُس کے سامان کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ تفصیلی جانچ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مکان مالک ببلو شرما ولد بابو رام ساکن سنتوش نگر، ڈوڈہ نے ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے مقرر کردہ لازمی کرایہ دار توثیق اور ٹیننٹ ڈیکلریشن فارم جمع کرانے کی شرط پوری نہیں کی تھی۔
قانونی تقاضوں کی خلاف ورزی پر پولیس اسٹیشن ڈوڈہ میں ایف آئی آر نمبر 257/2025 زیر دفعہ 223 بی این ایس درج کی گئی ہے، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔قابل ذکر ہے کہ ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا کی ہدایات پر ایس ایچ او ڈوڈہ انسپکٹر پرویز احمد کھنڈے کی سربراہی میں کرایہ دار توثیق سے متعلق مسلسل آگاہی مہم اور عوامی اعلانات کیے جا رہے ہیں، تاکہ شہریوں کو قانونی ذمہ داریوں سے آگاہ رکھا جا سکے۔
ڈوڈہ پولیس نے ایک بار پھر تمام مکان مالکان پر زور دیا ہے کہ وہ کرایہ داروں کی مکمل تصدیق کو یقینی بنائیں اور ضابطوں کی پابندی کرتے ہوئے عوامی سلامتی میں اپنا کردار ادا کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر