

انوپ پور، 16 نومبر(ہ س)۔
مرکزی وزیر ٹیکسٹائل گیری راج سنگھ نے کہا کہ امرکنٹک اور پشپ راجگڑھ علاقے میں مقامی مصنوعات کو قومی سطح کا بازار فراہم کرانے کے لیے مضبوط اور مثبت کوششیں کی جائیں۔ یہاں کی گوڑی چترکلا، لکڑی سے بنی کاشٹھ شلپ فنکاریاں اور دیگر مقامی دستکاریوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے افسران اور عوامی نمائندوں کو ہدایت دی کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ اس سمت میں کام کریں، تاکہ علاقائی فنکاروں اور پیداواری لوگوں کو وسیع پلیٹ فارم مل سکے۔
مرکزی وزیر سنگھ اتوار کو مدھیہ پردیش کے انوپ پور ضلع کے دورے کے دوران امرکنٹک میں مقامی مصنوعات کو فروغ دینے کے مقصد سے منعقدہ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سینٹرل سلک بورڈ اور آتما گورننگ بورڈ کے ذریعے امرکنٹک میں ایک پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ٹریننگ سینٹر قائم کیا جائے گا، جس سے علاقے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکز ہندوستان کی مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کے تعاون سے کھولا جائے گا اور اس سے تقریباً 2000 لوگوں کو روزگار ملے گا۔
مرکزی وزیر نے مقامی فنکاروں کو نرمداپورم کے ریشم مرکز کا معائنہ کرنے اور وہاں جاری سرگرمیوں کی معلومات حاصل کرنے کی بھی ہدایات دیں، تاکہ امرکنٹک علاقے میں ریشم صنعت، ہینڈلوم اور ریشم کرافٹ کو مقامی سطح پر مزید فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امرکنٹک علاقے میں ہینڈلوم اور ہینڈی کرافٹ کا بڑا کردار ہے اور یہاں روزگار کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ مقامی فنکاروں کو ریشم صنعت سے جوڑ کر ان کی مہارت اور آمدنی میں اضافے کے لیے خصوصی ترغیب دی جائے۔
مرکزی کپڑا وزیر گریراج سنگھ نے امرکنٹک میں مقامی فنکاروں کے ذریعہ تیار کی جانے والی گوڑی پینٹنگ اور دیگر دستکاری فنون کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران انہوں نے شلپ کاروں سے ہفتے میں کیے جانے والے کام کے اوقات، ماہانہ آمدنی اور پیداواری عمل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کاریگروں سے کہا کہ روایتی فنون کو محفوظ رکھتے ہوئے ان میں تکنیکی جدت شامل کرنے سے معیار میں بہتری آتی ہے اور بازار میں مسابقت بڑھائی جا سکتی ہے۔
مرکزی وزیر نے لکڑی کے فنی مصنوعات میں استعمال ہونے والی مختلف اقسام کی لکڑی کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور کاریگروں کی مہارت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی سینٹر جیسے مشترکہ مقامات پر کام کرنے سے پیداواری لاگت کم ہوتی ہے اور فنکاروں کو بہتر منافع مل سکتا ہے۔ کاریگروں کو مارکیٹ لنک فراہم کرانے اور ان کی مصنوعات کو بڑے بازار تک پہنچانے میں ہر ممکن تعاون دینے کا بھی یقین دلایا۔ معائنے کے دوران کاریگروں نے اپنی مشکلات اور ضروریات سے مرکزی وزیر کو آگاہ کیا، جن کے حل کے لیے انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایات دیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن