
واشنگٹن، 13 نومبر (ہ س)۔ امریکہ نے بدھ کے روز ہندوستان سمیت متعدد ممالک کے افراد اور اداروں کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا ہے جو ایران کے بیلسٹک میزائل اور ڈرون کی تیاری کی حمایت کرتے ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ نے یہاں ایک بیان جاری کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ یہ اقدام ایران کے جوہری پروگرام پر دباؤ ڈالنے کے لیے کیا گیا۔
بیان کے مطابق، پابندیوں میں ایران، متحدہ عرب امارات، ترکی، چین، ہانگ کانگ، بھارت، جرمنی اور یوکرین میں مقیم کل 32 افراد اور اداروں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جو مختلف 'فروخت اور خریداری کے نیٹ ورک' چلاتے ہیں۔
وزارت نے کہا، یہ نیٹ ورک مغربی ایشیا میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ ساتھ بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کے لیے خطرہ ہیں۔
امریکہ، اس کے یورپی اتحادی اور اسرائیل الزام لگاتے ہیں کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو ہتھیاروں کی تیاری کی صلاحیتوں کو چھپانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ تاہم ایران کا موقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف اور صرف پرامن مقاصد کے لیے ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی