سرسید ہال ساؤتھ میں تعلیم، تزکیہ نفس اور تکثیری معاشرہ کے موضوع پر سمپوزیم منعقد
سرسید ہال ساؤتھ میں تعلیم، تزکیہ نفس اور تکثیری معاشرہ کے موضوع پر سمپوزیم منعقد علی گڑھ، 9 اکتوبر (ہ س)۔ اے ایم یو کے سر سید ہال (ساؤتھ) کے اسٹریچی ہال میں ’تعلیم، تزکیہ نفس اور تکثیری معاشرہ“ کے موضوع پر ایک سمپوزیم منعقد کیا گیا، جس میں تعلیم ا
سرسید ہال ساوتھ


سرسید ہال ساؤتھ میں تعلیم، تزکیہ نفس اور تکثیری معاشرہ کے موضوع پر سمپوزیم منعقد

علی گڑھ، 9 اکتوبر (ہ س)۔ اے ایم یو کے سر سید ہال (ساؤتھ) کے اسٹریچی ہال میں ’تعلیم، تزکیہ نفس اور تکثیری معاشرہ“ کے موضوع پر ایک سمپوزیم منعقد کیا گیا، جس میں تعلیم اور معاشرتی ہم آہنگی کے روحانی و سماجی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ استقبالیہ خطاب میں عبد الوحید نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے پروگرام مستقبل میں بھی جاری رہیں گے، جو یونیورسٹی میں علمی اور اخلاقی نشو و نما کا باعث بنیں گے۔ پروگرام کی نظامت مبرور اشرف تیمی نے کی۔

شعبہ دینیات کے ڈاکٹر ندیم اشرف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، تزکیہ نفس کے بغیر نامکمل ہے۔ سچی تعلیم وہی ہے جو باطن میں توازن اور اخلاقی پاکیزگی کو پروان چڑھائے۔ انھوں نے کہاکہ تزکیہ کے بغیر تعلیم بے فائدہ ہے۔ انہوں نے اے ایم یو کو ایک منفرد ادارہ قرار دیا جو علمی ترقی کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت پر بھی زور دیتا ہے۔

جنرل وارڈن ڈاکٹر عبد العزیز خان نے اپنے خطاب میں اے ایم یو کو تکثیریت پر مبنی معاشرے کی مثال قرار دیااور طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ مثبت رہیں، دل میں کدورت نہ رکھیں، اور زندگی کے ہر پہلو میں دیانتداری اور سچائی کو اپنائیں۔

مولانا عبد السلام سلفی نے ’تکثیری معاشرہ اور اسلام‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نسل، زبان یا رنگ کی بنیاد پر کسی کو برتر نہیں مانتا بلکہ صرف تقویٰ ہی انسان کی قدر و منزلت کا پیمانہ ہے۔ انہوں نے حاضرین کو یاد دلایا کہ عدل، ہمدردی اور رواداری اسلامی تعلیمات کی اساس ہیں اور طلبہ کو چاہیے کہ وہ تکثیری معاشروں میں فعال کردار ادا کریں۔

صدر جلسہ، پروفیسر محمد ثناء اللہ ندوی، صدر شعبہ عربی نے سمپوزیم کے موضوع کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے موضوعات سماجی طور پر بہت اہم ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تکثیریت انسانی تہذیب کا مستقل عنصر رہی ہے اور باہمی سمجھ بوجھ و بین المذاہب ہم آہنگی،پرامن بقائے باہمی کے لیے نہایت ضروری ہے۔

اس موقع پر سر سید ہال (ساؤتھ) کے پرووسٹ ڈاکٹر عبد الرؤف اور ڈاکٹر صفی الرحمن، وارڈن انچارج بھی موجود رہے۔ آخر میں ایس پی ایم حفیظ الرحمن نے شکریہ ادا کیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande