اے ایم یو گرلز اسکول میں یوم سرسید تقریبات کا آغاز، تقریری مقابلہ منعقد
علی گڑھ، 9 اکتوبر (ہ س)۔ اے ایم یو گرلز اسکول میں یوم سر سید کی تقریبات کا آغاز ہوا۔ پرنسپل محترمہ آمنہ ملک اور وائس پرنسپل محترمہ الکا اگروال نے طالبات کو سر سید کے نظریات اور وژن کو اپنانے کی تلقین کی۔ جماعت نہم اور دہم کی طالبات کے لئے ایک تقریری مقابلہ منعقد کیا گیا، جس کا عنوان تھا”سر سید احمد خاں: مشن کے علمبردار انسان“۔ اس مقابلے میں انگریزی زبان میں جماعت نہم کی طالبہ علیشبا فہیم اور ہندی زبان میں جماعت نہم کی تیا سنگھ نے پہلا مقام حاصل کیا۔ انگریزی میں دوسرا مقام نویں جماعت کی اسرا خان،، اردو میں دسویں جماعت کی طالبہ صالحہ بشریٰ، اور انگریزی میں دسویں جماعت کی ہمامہ خان نے حاصل کیا، جب کہ تیسرا مقام دسویں جماعت کی ابیہہ جعفر (انگریزی) اور سومی علی (انگریزی) نے حاصل کیا۔
جماعت ششم تا ہشتم کی طالبات کے درمیان ہوئے مہندی ڈیزائننگ کے مقابلہ میں طالبات نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور روایتی فن کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔ اس میں آٹھویں جماعت کی طالبہ عائشہ یامین اور الفیشا نے پہلا مقام، حمیرا پروین (آٹھویں جماعت)، شگفتہ پروین (چھٹی جماعت) اور علمہ ملک (چھٹی جماعت) نے دوسرا مقام اور کاجل (ساتویں جماعت)، لائبہ (چھٹی جماعت)، الفشا دلشاد (چھٹی جماعت) اور عنابیہ عمر (ساتویں جماعت) نے تیسرا مقام حاصل کیا۔ ان کے علاوہ رفا اسلم (چھٹی جماعت) اور زویا (چھٹی جماعت) کو حوصلہ افزائی انعامات دیے گئے۔
اس موقع پر پرنسپل محترمہ آمنہ ملک نے منتظمین، ججوں اور تمام شریک طالبات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقاریب بانیئ درسگاہ سر سید احمد خاں کی تعلیمی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں، ساتھ ہی طلبہ و طالبات کو تعلیم، دانشوری اور ترقی کے ان کے مشن کو آگے بڑھانے کی ترغیب بھی دیتی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ