جموں وکشمیر کی عوام کو جمہوری اداروں پر مکمل بھروسہ ہے ۔سریندر چودھری
جموں, 9 اکتوبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے جمعرات کو کہا کہ ریاست کے عوام اب بھی ہندوستان کے آئین اور جمہوری اداروں، بشمول سپریم کورٹ، پر مکمل بھروسہ رکھتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری نے کہا کہ جموں و کشمیر
Dy cm


جموں, 9 اکتوبر (ہ س)۔

جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے جمعرات کو کہا کہ ریاست کے عوام اب بھی ہندوستان کے آئین اور جمہوری اداروں، بشمول سپریم کورٹ، پر مکمل بھروسہ رکھتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ ہمیشہ سے ہندوستانی جمہوری نظام پر یقین رکھتے آئے ہیں اور امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ عام شہریوں کے خدشات اور توقعات کو مدنظر رکھے گی، خصوصاً ان لوگوں کے جو دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں، مزدوروں اور دکانداروں کو درپیش مشکلات کو ملک کی اعلیٰ عدالت کو سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ دور میں سب سے بڑا مسئلہ نوجوانوں میں بے روزگاری ہے۔

ان کے بقول، “تقریباً ہر گھر میں ایک نوجوان بے روزگار ہے، اور ان نوجوانوں کی آوازیں ان کے والدین سمیت سنی جانی چاہئیں۔

چودھری نے کہا کہ جموں و کشمیر کے والدین دن رات محنت کرتے ہیں تاکہ ان کے بچے روزگار حاصل کریں اور عزت کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سپریم کورٹ کو ان زمینی حقائق کو نظر میں رکھنا چاہیے جب وہ جموں و کشمیر کی حکمرانی سے متعلق معاملات پر فیصلہ کرے۔

سیاسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ ایک سال سے منتخب حکومت قائم ہے جس کی قیادت عمر عبداللہ کر رہے ہیں، جبکہ اس سے قبل ایک ایسا دور بھی رہا جب یہاں نامزد یا منتخب نہ ہونے والے افراد حکومت میں تھے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا جموں و کشمیر کی حکمرانی ان رہنماؤں کے ہاتھ میں ہونی چاہیے جو عوام کے ووٹ سے منتخب ہوں، یا پھر ان افراد کے ہاتھ میں جو بغیر عوامی مینڈیٹ کے اقتدار میں آئے ہوں۔چودھری نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ صرف قانونی نہیں بلکہ عوامی سطح پر گہرا اثر ڈالنے والا ہوگا، کیونکہ یہ فیصلہ ان لوگوں کے اعتماد سے جڑا ہے جنہوں نے جمہوری عمل میں حصہ لیا اور اپنے نمائندوں پر بھروسہ کیا۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ عام لوگوں کسانوں، ڈرائیوروں، مزدوروں اور والدین کی خواہشات جموں و کشمیر کی حکمرانی سے متعلق ہر فیصلے کا مرکز ہونی چاہئیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande