دگ وجے سنگھ نے اپوزیشن لیڈر امنگ سنگار سے ملاقات کی، بند کمرے میں 45 منٹ ہوئی بات چیت، سیاسی گلیاروں میں ہلچل تیز
بھوپال، 9 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ جمعرات کو راجدھانی بھوپال میں اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار کے بنگلے پر پہنچے۔ دونوں رہنماوں نے تقریباً 45 منٹ تک بند کمرے میں بات چیت کی۔ اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار کے سخت مخالف سمجھے جانے والے دگ وجے سنگھ سے ملاقات کے بعد سے ریاست کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ اس ملاقات کو پارٹی کے اندر سے دھڑے بندی کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
دگ وجے سنگھ جمعرات کو بھوپال کے شیاملا ہلز میں امنگ سنگھار کے بنگلے پہنچے۔ سنگھ اکیلے پہنچے اور سنگھار نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد دونوں رہنماوں نے 45 منٹ تک بات چیت کی۔ امنگ سنگھار سے ملاقات کے بعد سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے قبائلی رہنما کے بارے میں ایک فلم بنانے کو لیکر تبادلہ خیال کیا۔ فلم بنانے والے لوگوں کو ملاقات کے لیے لیکر آئے تھے۔ دگ وجے نے کہا کہ جس طرح جنگل ستیہ گرہ پر فلم بنی تھی اسی طرح ٹنٹیا ماما پر بھی فلم بننی چاہئے۔ اپوزیشن لیڈر نے ٹنٹیا ماما پر فلم بنانے کا کہا تھا۔ ہم اس کا پروجیکٹ لے کر آئے ہیں، ہم نے اپوزیشن لیڈر سے وزیراعلیٰ سے وقت لینے کی درخواست کی ہے۔ دگ وجے سنگھ سے ملاقات کے بارے میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ٹنٹیا بھیل پر بننے والی فلم کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ ٹنٹیا بھیل کا مالوا اور نیمار میں بڑا غلبہ ہے۔ اس کے علاوہ تنظیم کو مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
باضابطہ طور پر دونوں سیاستدانوں کی ملاقات پارٹی اتحاد اور مستقبل کی حکمت عملی پر مرکوز رہی۔ پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ یہ میٹنگ جیتندر سنگھ کی مدھیہ پردیش کے انچارج کے طور پر تقرری کے بعد ان کی حکمت عملی کا حصہ تھی۔ کانگریس کو 2028 کے اسمبلی انتخابات کے لیے خود کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ ہائی کمان نے واضح طور پر کہا ہے کہ دھڑے بندی ختم ہو۔ اگر دگ وجے اور سنگھار جیسے سرکردہ لیڈروں کا اتحاد ہو جائے تو پارٹی کی بنیاد مضبوط ہو گی۔ حالیہ دنوں میں کانگریس کی سیاسی امور کی کمیٹی (پی اے سی) کی میٹنگیں بھی دھڑے بندی سے متاثر ہوئی ہیں۔ دگ وجے سنگھ،کمل ناتھ اور سنگھار نومبر 2024 میں پی اے سی کی پہلی میٹنگ سے غیر حاضر رہے، جس سے سوالات اٹھے تھے۔
آپ کو بتا دیں کہ امنگ سنگھار پہلے کہہ چکے ہیں کہ دگ وجے انہیں سیاست نہیں کرنے دے رہے ہیں۔ کمل ناتھ حکومت میں وزیر جنگلات کے طور پر کام کرنے والے سنگھار کو دگ وجے نے اتنا ہراساں کیا کہ انہوں نے ان کے خلاف محاذ شروع کر دیا۔ امنگ سنگھار نے دگ وجے کو بلیک میلر اور مافیا تک کہہ دیا تھا۔ اتنا ہی نہیں دگی پر سرکار کو غیر مستحکم کرنے کے ساتھ ہی وزیروں سے وصولی کرنے کا بھی الزام عائد کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن