
پٹنہ، 30 اکتوبر (ہ س) بہار میں انتخابی ریلی کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور چھٹھ تہوار کے بارے میں نازیبا تبصرہ کرنے پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے خلاف مظفر پور کی ایک عدالت میں شکایت درج کی گئی ہے۔ وکیل سدھیر اوجھا نے شکایت درج کرائی ہے، جس میں مقدمہ چلانے اور کانگریس لیڈر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ایڈوکیٹ اوجھا نے الزام لگایا ہے کہ راہل گاندھی نے مجہولیا ہاٹ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ایم مودی الیکشن جیتنے کے لیے کچھ بھی کریں گے اور انتخابات کے بعد نظر نہیں آئیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم مودی چھٹھ تہوار کے دوران ڈرامہ کر رہے تھے۔
وکیل نے الزام لگایا ہے کہ راہل گاندھی کے بیان سے کروڑوں ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچا ہے۔ کانگریس لیڈر نے وزیر اعظم مودی کی ساکھ کو داغدار کرنے اور ملک کی توہین کرنے کے ارادے سے ایسا بیان دیا۔ شکایت کنندہ نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ راہل گاندھی کے خلاف بی این ایس ایس کی دفعہ 223 کے تحت مقدمہ چلایا جائے اور انہیں گرفتار کیا جائے۔کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے 29 اکتوبر کو سکرا، مظفر پور میں مجہولیا ہاٹ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور چھٹھ تہوار کے بارے میں نازیبا تبصرہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan