
بنگلورو، 30 اکتوبر (ہ س)۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے پتھ سنچلن میں شرکت کرنے پر معطل کئے گئے کرناٹک کے رائچور ضلع کے لنگسوگور تعلقہ کے پنچایت ڈیولپمنٹ آفیسر (پی ڈی او) پروین کمار کو کو راحت ملی ہے۔ کرناٹک ایڈمنسٹریٹو ٹریبونل (کے اے ٹی ) نے ریاستی حکومت کے معطلی کے حکم پر عارضی طور پر روک لگا دی ہے۔ یہ فیصلہ آر ایس ایس جیسی سرگرمیوں کو روکنے کی حکومت کی کوششوں کے لیے ایک دھچکا ہے۔
لنگسوگور تعلقہ کے روڈلبنڈہ گاوں کے پی ڈی او پروین کمار نے 12 اکتوبر کو آر ایس ایس کی صد سالہ تقریبات کے دوران پتھ سنچلن میں شرکت کی تھی۔ اس کے بعد پنچایت راج ڈپارٹمنٹ کی کمشنر ڈاکٹر اروندھتی نے کرناٹک سول سروسز کے قوانین کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے انہیں معطل کر دیا تھا۔ پروین کمار نے کرناٹک ایڈمنسٹریٹو ٹریبونل (کے اے ٹی) میں اپنی معطلی کے خلاف اپیل کی۔ سماعت کے بعد، کے اے ٹی نے حکومت کے معطلی کے حکم کو سیاسی طور پر محرک قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
اس واقعہ نے سیاسی حلقوں میں بھی ہلچل مچا دی۔ معطلی کے بعد، بی جے پی ایم پی تیجسوی سوریہ نے پروین کمار سے ملاقات کی اور کہا،”یہ ایک غیر قانونی اور غیر منصفانہ قدم ہے اور میں ذاتی طور پر آپ کے لیے عدالت میں لڑوں گا۔“ تیجسوی سوریہ کی قانونی حمایت کے ساتھ یہ لڑائی لڑی گئی، جس کے نتیجے میں کے اے ٹی نے حکومت کے معطلی کے حکم پر روک لگا دی۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد