
وزیر اعظم مودی انڈیا میری ٹائم ویک 2025 میں عالمی سی ای اوز سے خطاب کریں گے
۔ جہاز
رانی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے کئی معاہدے ہوئے
ممبئی،
29 اکتوبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے
بدھ کو ’’انڈیا میری ٹائم ویک 2025‘‘ کے موقع پر میری ٹائم لیڈرز کانکلیو سے خطاب
کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی بندرگاہیں آج دنیا کی سب سے مؤثر بندرگاہوں میں شمار
ہوتی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کئی سرمایہ کاری معاہدوں پر دستخط کیے اور جہاز رانی
و شپ بلڈنگ کے میدان میں نئے پروجیکٹوں کا آغاز کیا۔
وزیر
اعظم نے کہا کہ میری ٹائم امرت کال وژن 2047 کے تحت حکومت ایک جدید، پائیدار اور
توانائی سے بھرپور بحری مستقبل کی تعمیر کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’پچھلی
دہائی میں بندرگاہی ڈھانچے میں ہونے والی سرمایہ کاری نے ہماری بندرگاہوں کو عالمی
معیار کے قریب پہنچا دیا ہے۔‘‘
مودی نے
بتایا کہ سال 2024-25 ہندوستان کے بحری شعبے کے لیے غیر معمولی سال رہا، کیونکہ
ملک کی بڑی بندرگاہوں نے تاریخ کی سب سے زیادہ کارگو ہینڈلنگ کا ریکارڈ قائم کیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’کانڈلا بندرگاہ نے ملک کی پہلی ہائیڈروجن گرین پورٹ کی
حیثیت سے ایک نیا باب رقم کیا ہے۔‘‘
وزیر
اعظم نے جے این پی ٹی میں بی ایم سی ٹی (بھارت ممبئی کنٹینر ٹرمینل) فیز 2 کے آغاز
کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے بندرگاہ کی کارگو ہینڈلنگ
صلاحیت دوگنی ہو گئی ہے۔ انڈیا میری ٹائم ویک کی ویب سائٹ کے مطابق، مودی شام 5:35
سے 7:00 بجے تک صنعت کے ممتاز سی ای اوز سے ملاقات کریں گے۔
مہاراشٹر
کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے بھی اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ تین
روزہ کانفرنس نہایت نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’میری ٹائم ویک 2025 ایک
ایسا عالمی پلیٹ فارم بن رہا ہے جو نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر کے بحری شعبے کے
لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔‘‘
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے