
نئی دہلی، 28 اکتوبر (ہ س)۔ دہلی ہائی کورٹ کو آج تین نئے جج ملے ہیں۔ چیف جسٹس ڈی کے اپادھیائے نے منگل کو تینوں ججوں کو عہدے کا حلف دلایا۔ چیف جسٹس نے جن ججوں کو حلف دلایا ان میں جسٹس دنیش مہتا، جسٹس اونیش جھنگن اور جسٹس چندر شیکرن سودھا شامل ہیں۔
ان تین ججوں کے شامل ہونے سے دہلی ہائی کورٹ میں ججوں کی کل تعداد 44 ہو گئی ہے۔ دہلی ہائی کورٹ کی کل منظور شدہ تعداد 60 ہے۔ جسٹس مہتا اور جسٹس جھنگن پہلے راجستھان ہائی کورٹ کے جج تھے۔ جسٹس سودھا پہلے کیرالہ ہائی کورٹ کی جج تھیں۔ صدر دروپدی مرمو نے ان ججوں کے تبادلے کا حکم 14 اکتوبر کو جاری کیا تھا۔ اس سے قبل اگست میں سپریم کورٹ کالجیم نے ان تین ججوں سمیت مختلف ہائی کورٹس کے 14 ججوں کے تبادلے کا حکم دیا تھا۔
جسٹس مہتا کو 16 نومبر 2016 کو راجستھان ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔ جسٹس جھنگن کو جولائی 2017 میں پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔ جسٹس جھنگن کو بعد میں 1 نومبر 2023 کو راجستھان ہائی کورٹ میں جج کے طور پر تبدیل کر دیا گیا تھا۔ جسٹس سودھا کو اکتوبر 2020 کو کیرالہ ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد