
نئی دہلی، 27 اکتوبر (ہ س)۔ سوسائٹی فار ایتھنو فارماکولوجی، انڈیا (ایس ایف ای-انڈیا) کا 12واں بین الاقوامی کنونشن ایتھنو فارماکولوجی اور روایتی طب کے میدان میں نئی راہیں ہموار کرنے جا رہا ہے۔ یہ عالمی اجتماع جامعہ ہمدرد، نئی دہلی کے سینٹر آف ایکسیلنس اِن یونانی میڈیسن کے زیر اہتمام 30 اور 31 اکتوبر 2025 کو منعقد ہوگا، جب کہ پری کنونشن ورکشاپس 29 اکتوبر کو ہوں گی۔
روایتی و جدید طب کا امتزاج-کنونشن کا مرکزی موضوع کے عنوان سے ہونے والا یہ کنونشن روایتی اور جدید طب کے درمیان ربط و ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ اس موقع پر ایتھنومیڈیسن، طبی پودوں پر تحقیق، آیوش نظام (آیوروید، یوگا و نیچروپیتھی، یونانی، سدھا اور ہومیوپیتھی)، نیوٹرسیوٹیکل، فنکشنل فوڈز، اور انٹیگریٹیو ہیلتھ کیئر جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال ہوگا۔
کنونشن میں سائنسی سیشن، ورکشاپس اور ثقافتی پروگرام شامل ہیں۔اس دوران تقریباً 160 سے زائد شرکا مختلف ورکشاپس میں حصہ لیں گے، جن میںایچ پی ٹی ایل سی تجزیہ، یونانی آہار (غذائی اصول)، اور ”سیل کلچر اور زیبر فش ماڈلز“ جیسے تحقیقی میدانوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
زید برآں، کنونشن میں 40 سے زائد پلینری لیکچرز اور 8 کلیدی خطابات ممتاز ماہرین کی جانب سے پیش کیے جائیں گے۔ نوجوان محققین کے لیے 25 ینگ ایتھنو فارماکولوجسٹ ایوارڈز کا اعلان کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 75 مختصر لیکچرز، 100 زبانی پریزنٹیشنز، اور 350 پوسٹر سیشنز بھی ہوں گے جو سائنسی تحقیق کے فروغ کی نمائندگی کریں گے۔
انڈسٹری کنیکٹ پروگرام کے تحت 60 سے زائد فارماسیوٹیکل اور ہربل صنعتیں شریک ہوں گی۔ اس کے علاوہ ”ہیلرز میٹ“ میں 45 سے زائد روایتی معالجین اپنی خدمات اور تجربات پیش کریں گے، جبکہ ”آیوش ہیلتھ میلہ“ میں 30 سے زائد ادارے اپنی ہربل و طبی مصنوعات کی نمائش کریں گے۔
یہ کنونشن وزارتِ آیوش، حکومتِ ہند اور متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے منعقد ہو رہا ہے، جن میں ہمدرد فوڈز انڈیا، ہمدرد نیشنل فاو¿نڈیشن، اما?را بوٹینیکلز،اے این آر ایف، سی سی آریو ایم ،یو ڈی ایم اے، سنا ہربلز وغیرہ شامل ہیں۔
منتظمِ اعلیٰ پروفیسر (ڈاکٹر) سعید احمد نے اپنی ٹیم، محققین، رضاکاروں اور جامعہ ہمدرد کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ اجتماع روایتی طب کی عالمی سطح پر ترویج و پذیرائی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔“انہوں نے خصوصی طور پر جناب حماد احمد (چانسلر)، جناب حامد احمد (سابق چانسلر) اور جناب ساجد احمد (او ایس ڈی ) کا شکریہ ادا کیا جن کی سرپرستی میں یہ اجتماع ممکن ہو سکا۔
متنوع سائنسی، ثقافتی اور صنعتی سرگرمیوں سے مزین ایس ای سی او این 2025 روایتی طب کے فروغ اور تحقیق میں ایک نیا باب رقم کرے گا، جو “وِکست بھارت” کے وڑن کی تکمیل میں ایک مؤثر قدم ثابت ہوگا۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد