جموں 19 اکتوبر (ہ س)۔جموں پولیس نے کہا ہے کہ وہ دیوالی کے پُرامن انعقاد اور آئندہ ماہ دوبارہ شروع ہونے والے در بار موو کے سلسلے میں مکمل طور پر تیار ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دشمن عناصر کی کسی بھی شرپسند کوشش کو ناکام بنانے میں پولیس کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ شہر کا پُرامن ماحول برقرار رہے۔
ایس ایس پی جموں جوگیندر سنگھ نے کہا کہ شہری اپنے کرایہ داروں کی تفصیلات پولیس کے ساتھ شیئر کریں اور لازمی طور پر تصدیقی فارم پُر کریں۔ انہوں نے عوام کو متنبہ کیا کہ وہ بازاروں یا عوامی مقامات پر کسی بھی مشکوک یا بغیر دعوے کے پڑی ہوئی چیز کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک خطرے کا سوال ہے، ہم گزشتہ تین سے چار دہائیوں سے دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ دشمن کو ماضی کی پانچ جنگوں میں شکست ہو چکی ہے، لیکن وہ اب بھی شرارتوں سے باز نہیں آیا اور دہشت گردوں و منشیات کے ذریعے خطے میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایسے حالات میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ہر وقت چوکس اور ہوشیار رہیں۔
ایس ایس پی نے کہا کہ دیوالی کی تقریبات کے پُرامن انعقاد اور در بار مووکے سلسلے میں تمام سیکورٹی و انتظامی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ در بار موو کی یہ روایت، جو چار سال بعد دوبارہ بحال کی گئی ہے،اُس کے تحت آئندہ ماہ سرکاری دفاتر سرینگر سے جموں منتقل ہوں گے۔
16 اکتوبر کو جموں و کشمیر حکومت نے در بار موو دفاتر کو گرمیوں کے دارالحکومت سرینگر میں 31 اکتوبر کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، اس کے چند گھنٹوں بعد وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے 1872 میں ڈوگرہ حکمرانوں کے دور میں متعارف اس روایت کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔ اس فیصلے کو جموں کے عوام، بالخصوص تاجروں نے دیوالی سے قبل ایک خوش آئند تحفہ قرار دیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت والی انتظامیہ نے 2021 میں در بار موو کی روایت ختم کر دی تھی۔ایس ایس پی جوگیندر سنگھ نے مزید کہا کہ سردیوں کے دوران جموں میں عوامی رش بڑھ جاتا ہے اور در بار موو کی بحالی کے بعد اس سال وادیٔ کشمیر سے مزید افراد کے آنے کی توقع ہے۔ ایسے میں کرایہ داری کی تصدیق نہایت ضروری ہے۔ میں تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی جائیداد کرایہ پر دینے سے قبل کرایہ داروں کے بارے میں تصدیقی عمل مکمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ دیوالی کے موقع پر بازاروں میں گہما گہمی کے پیش نظر پولیس نے سیکورٹی اور حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا مشتبہ اشیاء کی فوری اطلاع پولیس کو فراہم کریں۔
ایس ایس پی نے کہا کہ اگرچہ جموں میں گزشتہ کئی برسوں سے امن و امان قائم ہے، تاہم دشمن قوتیں بدامنی پھیلانے کے درپے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہماری سیکورٹی فورسز — فوج، بی ایس ایف، پولیس اور نیم فوجی دستے — پوری ذمہ داری اور عزم کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام میں عوامی تعاون ناگزیر ہے۔ سیکورٹی فورسز کی کامیابی تبھی ممکن ہے جب عوام ان کے ساتھ کھڑے ہوں اور ان کا حوصلہ بڑھائیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر