بھوبال، 19 اکتوبر (ایچ ایس)۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوبال کے مارواڑی روڈ پر واقع سینٹرل بینک کی برانچ میں ہفتے کی دیر رات اچانک آگ لگ گئی۔ راہگیروں نے بینک کے اندر سے دھواں اٹھتے دیکھا تو فوراً پولیس اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پا لیا۔ تاہم آگ میں بینک کے کچھ دستاویزات جل گئے۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ مانی جا رہی ہے۔ فی الحال معاملے کی جانچ جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق مارواڑی روڈ پر واقع سینٹرل بینک کی برانچ میں دیر رات آگ بھڑک اٹھی۔ دھن تیرس کا تہوار ہونے کی وجہ سے بازار میں کافی بھیڑ تھی۔ اسی دوران آگ لگنے کے بعد بینک کا فائر الارم سسٹم بھی خود بخود فعال ہو گیا۔ آواز سن کر لوگوں نے دیکھا کہ بینک کے اندر سے دھواں اٹھ رہا ہے، جس کے بعد موقع پر بھیڑ جمع ہو گئی۔ لوگوں نے فوراً پولیس اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔اس کے بعد جونانی شفاخانہ اور فتح گڑھ سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ پرانے شہر کے بازار اور رہائشی علاقوں میں سڑکیں تنگ ہونے کے باعث فائر بریگیڈ اہلکاروں کو بینک تک پہنچنے میں خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ لوگوں نے بھی آگے بڑھ کر مدد کی اور سڑک کے کنارے کھڑی گاڑیوں کو ہٹا دیا۔ بڑی مشکل سے فائر بریگیڈ کے لیے راستہ بنایا گیا۔ رات تقریباً ڈیڑھ بجے کے بعد آگ پر مکمل قابو پایا جا سکا۔ فائر اہلکار راجندر باتھم نے بتایا کہ آگ بجھانے میں تقریباً دو گھنٹے لگے۔ شارٹ سرکٹ سے آگ لگی تھی۔ کتنا نقصان ہوا ہے، اس کا تخمینہ بینک انتظامیہ لگا رہی ہے۔ تاہم بینک انتظامیہ کی طرف سے ابھی اس بارے میں کوئی واضح بیان نہیں دیا گیا ہے۔ بینک کے افسر نقصان کا اندازہ لگانے میں مصروف ہیں، البتہ نقد رقم محفوظ ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن