جموں, 19 اکتوبر (ہ س)بی جے پی کے سینئر لیڈر اور وزیرِ مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج رامبن کا دورہ کرتے ہوئے ایک عوامی دربار منعقد کیا، جس میں ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوام کے ساتھ ساتھ افسران نے بھی شرکت کی۔
عوامی دربار میں چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل رامبن ڈاکٹر شمشاد شان، ضلع ترقیاتی کمشنر محمد الیاس خان، دیگر افسران اور نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر و ممبر اسمبلی رامبن ارجن سنگھ راجو بھی موجود تھے۔
دربار کے آغاز پر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اپنے ایم پی فنڈ سے فراہم کردہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایک ایمبولینس رامبن کے عوام کے نام وقف کی۔ اس موقع پر عوام نے اپنے مسائل اور مشکلات ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے گوش گزار کیں، خاص طور پر رواں ماہ آنے والے سیلاب سے ہونے والی تباہی اور متاثرین کے مسائل پر توجہ دلائی۔
ضلع ترقیاتی کمشنر محمد الیاس خان نے اس دوران وزیر موصوف کو سیلاب متاثرہ علاقوں کی تفصیلات اور جاری امدادی اقدامات سے آگاہ کیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ مرکزی حکومت عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کے تئیں وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے، جبکہ حکومت کی اولین ترجیح متاثرہ اور پریشان حال عوام کی فوری داد رسی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی پالیسی ہمیشہ عوامی سہولیات کی فراہمی اور زمینی سطح پر ترقیاتی کاموں کی رفتار بڑھانے پر مرکوز رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر