رائے گڑھ ، 19 اکتوبر(ہ س)علی
باغ کی ایک مجسٹریٹ عدالت نے 2019 کے صحافی حملہ کیس میں بھارتیہ شیتکاری کامگار
پکش (بی ایس کے پی) کے چیف سکریٹری جینت پاٹل کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے ایک سال قید
کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں متاثرہ صحافی ہرشاد کشالکر کو پانچ ہزار
روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
یہ
واقعہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران ضلع اسپورٹس کمپلیکس میں ووٹوں کی گنتی
کے موقع پر پیش آیا تھا۔ دورانِ ڈیوٹی صحافی ہرشاد کشالکر پر جینت پاٹل نے حملہ کیا
تھا جس کے بعد 24 مئی 2019 کو علی باغ پولیس اسٹیشن میں جینت پاٹل، سبھاش پاٹل عرف
پنڈت اور ابھیجیت کداوے کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
کیس کی
سماعت کے دوران استغاثہ نے 19 گواہوں کے بیانات عدالت میں پیش کیے، جن کی بنیاد پر
چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ایم بی عطار نے ملزم کو قصوروار قرار دیا۔ عدالت نے کہا کہ یہ
جرم نہ صرف ایک شخص کے خلاف تشدد ہے بلکہ آزادیٔ صحافت پر حملہ تصور کیا جا سکتا
ہے۔
فیصلے
کے مطابق، جینت پاٹل کو ایک سال کی سادہ قید کی سزا دی گئی ہے، جبکہ متاثرہ کو مالی
معاوضہ کے طور پر پانچ ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔ عدالت کے فیصلے کے بعد
مجرم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے
ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے