بھوپال، 18 اکتوبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، جبلپور کے ذریعے ’’سلسلہ اور تلاش جوہر‘‘ کے تحت شعری و ادبی نشست کا انعقاد 19 اکتوبر 2025 کو دوپہر 12:00 بجے شری جانکی رمن کالج، جبلپور میں ضلع کوآرڈینیٹر راشد راہی کے تعاون سے کیا جائے گا۔
اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعے اپنے ضلع کوآرڈینیٹرس کے تعاون سے ’’سلسلہ اور تلاش جوہر‘‘ کے تحت ریاست کے سبھی اضلاع میں شعری و ادبی نشستیں منعقد کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے کا اگلا پروگرام 19 اکتوبر کو جبلپور میں منعقد ہورہا ہے جس میں جبلپور ضلع کے ماتحت آنے والے سبھی گاؤوں، تحصیلوں اور بستیوں کے ایسے سینئر شعرا و ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے جنہیں اکادمی کے اسٹیج پر پیش کش کا موقع بہت کم ملا ہے۔
جبلپور ضلع کے کوآرڈینیٹر راشد راہی نے بتایا کہ منعقدہ پروگرام دو اجلاس پر مبنی ہوگا ۔ پہلے اجلاس میں دوپہر 12.00 بجے تلاش جوہر کا انعقاد ہوگا جس میں ضلع کے نئے تخلیق کار فی البدیہہ مقابلے میں حصہ لیں گے۔ دوسرے اجلاس میں سلسلہ کے تحت دوپہر 3.00 بجے شعری و ادبی نشست کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ڈاکٹر ابھیجات کرشن ترپاٹھی بطور مہمان خصوصی موجود رہیں گے۔ اس نشست میں جو شعرا اور ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے ان میں خصوصی مدعو شاعر کے طور پر جبلپور کے استاد شاعر بابو انور نظامی اور دموہ کے سینئر شاعر طاہر دموہی کا نام شامل ہے اور مقامی شعراء و ادبا میں سورج رائے سورج، ہیمراج راز ساگری، فاروق اشرف، ونود نین، خورشید عالم، پرتیبھا پٹیل، جاوید ناز، ارشد نوری، اشونی پاٹھک، ڈاکٹر رانو روحی، جاوید عتیقی، شیوم سونی، اجے مشرا اجے، عبید محسن، ارمان جبلپوری وغیرہ کے نام شامل ہیں۔
سلسلہ ادبی و شعری نشست کی نظامت کے فرائض راشد راہی انجام دیں گے۔ ڈاکٹر نصرت مہدی نے جبلپور کے تمام محبان ادب سے پروگرام میں شرکت کی درخواست کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن