اپنا گھر ہر انسان کا خواب، اس کی خوشی سے بڑھ کر اور کچھ نہیں: وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو
۔ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت ریاست کے 49 لاکھ خاندانوں کو اپنا گھر ملا
۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے نیمچ میں تیار 348 اے ایچ پی ہاوسنگ کالونی کا ورچوئل افتتاح کیا
بھوپال، 18 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ اپنا گھر ہر انسان کا خواب ہوتا ہے۔ اپنے گھر کی خوشی سے بڑھ کر اور کچھ نہیں ہوتا۔ وزیرِاعظم نریندر مودی نے ملک کے چار کروڑ سے زیادہ لوگوں کو ان کے مکانات بنا کر دیے ہیں۔ وزیراعظم کا خود کا کوئی گھر نہیں ہے، لیکن ملک کے تمام شہریوں کو گھر دینا انہوں نے اپنا مقصد بنا لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج نیمچ کے 348 خاندان اپنے برسوں پرانے خواب کو حقیقت بنتے دیکھ رہے ہیں۔ یہ دیوالی ان کی زندگی کی سب سے خوبصورت دیوالی بن کر آئی ہے، کیونکہ اس بار سب اپنے گھر میں دیوالی منائیں گے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو ہفتہ کو وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پر واقع سَمتو بھون سے میونسپل کونسل نیمچ کے ذریعے پردھان منتری آواس یوجنا (وزیر اعظم رہائش اسکیم) کے تحت اپورڈیبل ہاوسنگ پروجیکٹ میں تعمیر شدہ خوبصورت کالونی کا ورچوئل افتتاح کرتے ہوئے مستفیدین سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے یہاں 348 خاندانوں کو مکانات سپرد کئے۔ وزیراعلیٰ نے نئے مکانات کے مستفیدین سے گفتگو کرتے ہوئے سب کو دھن تیرس کے دن ملے نئے مکانات اور پانچ روزہ دیپوتسو کی مبارکباد بھی دی۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیرِاعظم مودی کہتے ہیں کہ جب غریب کا گھر روشن ہوتا ہے، تب ہی ملک میں سچی دیوالی ہوتی ہے۔ آج مدھیہ پردیش اسی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ لکشمی اور گنیش کی کرپا سے مدھیہ پردیش عوامی فلاح و ترقی کی دیوالی منا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نیت صاف ہے، ہماری پالیسیاں غریبوں کو مضبوط بنانے کے لیے ہیں۔ ایک زمانہ وہ بھی تھا جب غریبوں کے نام پر منصوبے تو بنتے تھے، مگر ان کا فائدہ کئی پشتوں کے بعد بھی غریب تک نہیں پہنچ پاتا تھا۔ وزیراعظم رہائش اسکیم کے ذریعے مستفیدین کو نہ صرف چھت ملی ہے بلکہ خودداری اور تحفظ دونوں حاصل ہوئے ہیں۔ پی ایم آواس یوجنا (شہری) 2.0 کے تحت ہم دس لاکھ مکانات تعمیر کریں گے اور ہم اسی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم رہائش اسکیم (شہری) کے نفاذ میں مدھیہ پردیش کو بیسٹ پرفارمنگ اسٹیٹ ایوارڈ کی کیٹیگری میں دوسرا مقام ملا ہے۔ نیمچ تو ہمیشہ ہی اس معاملے میں سب سے آگے رہا ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ آج ہی نیمچ ضلع میں 134 کروڑ کی لاگت سے پی ایم آواس کے تحت 348 گھروں کی چابیاں سونپی جا رہی ہیں، جن میں 144 مکانات ای ڈبلیو ایس کے، 144 مکانات ایل آئی جی کے اور 60 مکانات ایم آئی جی کے شامل ہیں۔ اس کے ساتھ 33 کمرشل پلاٹس بھی ہیں۔ آج جو ملٹی اسٹوری مکانات فراہم کیے جا رہے ہیں، یہ صرف مکان نہیں بلکہ ایک مکمل رہائشی کمپلیکس تیار ہو رہا ہے۔
تقریب سے نیمچ کے رکن اسمبلی دلیپ سنگھ پریہار نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آج میونسپل کونسل علاقے نیمچ میں 348 گھروں کی پی ایم آواس کالونی کے ساتھ نیمچ اسمبلی حلقے کی 25 گرام پنچایتوں کو صفائی رتھ بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر خواتین و اطفال ترقیات وزیر اور نیمچ ضلع کی انچارج وزیر نرملا بھوریا نے ورچوئل طور پر شرکت کی۔ نیمچ میں منعقدہ پروگرام میں مندسور-نیمچ کے رکن پارلیمنٹ سدھیر گپتا، سابق وزیر اوم پرکاش سکھلیچا، رکن اسمبلی مادھو مارو، ضلع صدر کھنڈیلوال اور دیگر عوامی نمائندے موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر نیمچ کی میونسپل کونسل کی صدر سواتی چوپڑا نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن