نئی دہلی،18اکتوبر(ہ س)۔ جمعیة علماءہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے کہا ہے کہ بازار میں ’میں محمد ﷺسے محبت کرتا ہوں‘ کا مظاہرہ کرنے کے بجائے مسلمانوں کو اپنے طرز عمل اور کردار سے پیغمبر اسلام سے اپنی محبت کا اظہار کرنا چاہیے۔ وہ جمعرات کی رات اتر پردیش کے کانپور کے پریڈ گراو¿نڈ میں منعقدہ ’تحفظ ختم نبوت کانفرنس‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ کانفرنس جمعیةعلماء کانپور کے زیراہتمام دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی کی سرپرستی میں اور قاضی شہر حافظ عبدالقدوس ہادی کی نگرانی میں منعقد ہوئی۔
مولانا مدنی نے کہا کہ ملک کے حالات اور طرح طرح کی گمراہیوں سمیت تمام مسائل کا حل ہمارے نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفی ﷺ کی مبارک سیرت میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ نفرت کے بیج اب بڑے درخت بن چکے ہیں۔ تنگ نظری، تعصب اور مذہبی عداوت کے بادل ہر طرف منڈلا رہے ہیں۔ شرپسند قوتیں اسلام کی مقدس تعلیمات کو مسخ کر رہی ہیں۔ لیکن ایسے حالات میں بھی ہم مسلمانوں کو اپنے نبی کی تعلیمات کے مطابق صبر، تحمل اور محبت سے کام لینا چاہیے۔ ہمارا ردعمل محبت کا ہونا چاہیے، نفرت کا نہیں، کیونکہ یہ نبی کا طریقہ تھا اور یہی اللہ کا حکم ہے۔
مولانا ارشد مدنی نے مزید کہا کہ ہر معاملے کو مذہبی رنگ دے کر نہ صرف ایک مخصوص طبقہ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے بلکہ انصاف اور قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے یکطرفہ کارروائی کے ذریعے یہ دکھانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ملک میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے آئینی اور قانونی حقوق سلب کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ ذات پات، مذہب اور فرقے کے نام پر لوگوں کو ایک دوسرے سے نفرت کا درس دیا جا رہا ہے جبکہ سچ یہ ہے کہ ہم سب ایک ہی آدم اور مانو کی اولاد ہیں، ایک ہی خالق کی مخلوق ہیں۔ اسلام ہر مذہب، ہر طبقے اور ہر انسان کے ساتھ عدل، انصاف اور بھلائی کا حکم دیتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais