اب چہارم و ہفتم جماعت کے طلباء کے لیے اسکالرشپ امتحانات، نئی اسکیم 2025-26 سے نافذ
ممبئی،
18 اکتوبر(ہ س)۔ مہاراشٹر
حکومت نے اسکالرشپ امتحانات کی سطح میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ
آئندہ تعلیمی سال 2025-26 سے اسکالرشپ امتحان اب کلاس چہارم اور کلاس ہفتم کے
طلباء کے لیے منعقد کیے جائیں گے۔ حکومت نے اس فیصلے کو منظوری دے دی ہے اور نئے
امتحانی نظام کے مطابق، تعلیمی سیشن 2025-26 میں کلاس پنجم اور ہشتم کے امتحانات
حسب روایت فروری 2026 کے دوسرے یا تیسرے اتوار کو ہوں گے، جبکہ چہارم اور ہفتم
جماعت کے امتحانات اپریل یا مئی 2026 کے کسی اتوار کو لیے جائیں گے۔ بعد ازاں
2026-27 سے یہ امتحانات مستقل طور پر ان درجات کے لیے ہوں گے۔
کلاس
چہارم کے لیے 5 ہزار روپے سالانہ اور کلاس ہفتم کے لیے 7 ہزار 500 روپے سالانہ
اسکالرشپ منظور کی گئی ہے۔ چہارم و پنجم کے لیے 16,693 نشستیں اور ہفتم و ہشتم کے
لیے 16,588 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ اب ان امتحانات کے نام بالترتیب پرائمری
اسکالرشپ امتحان اور اپر پرائمری اسکالرشپ امتحان
ہوں گے۔
یہ اسکیم
1954-55 میں شروع ہونے والی اوپن میرٹ اسکالرشپ کا تسلسل ہے، جس کا مقصد ہونہار
اور غریب طلباء کو تعلیمی معاونت فراہم کرنا ہے۔ 2015 میں حکومتی فیصلے کے تحت
امتحانات کو پانچویں کلاس اور آٹھویں کلاس میں منتقل کیا
گیا تھا اور 2016-17 سے یہی طریقہ جاری تھا۔ لیکن طلباء کی شرکت میں کمی کے باعث،
معیارِ تعلیم میں بہتری اور دلچسپی بڑھانے کے لیے اب سطح دوبارہ چہارم اور ہفتم پر
مقرر کی گئی ہے۔
سرکاری،
امداد یافتہ، غیر امدادی اور سیلف فنانسڈ اسکولوں کے طلباء اس امتحان میں شرکت کے
اہل ہوں گے، جبکہ سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای نصاب کے طلباء کو مشروط اجازت دی گئی ہے۔ امیدوار
کا مہاراشٹر کا رہائشی ہونا لازمی ہے اور اسے کسی تسلیم شدہ اسکول میں چہارم یا
ہفتم جماعت میں زیرِ تعلیم ہونا چاہیے۔
عمر کی
حد کے مطابق، پرائمری اسکالرشپ کے لیے امیدواروں کی زیادہ سے زیادہ عمر یکم جون تک
10 سال (اور معذور طلباء کے لیے 14 سال) رکھی گئی ہے، جبکہ اپر پرائمری اسکالرشپ
کے لیے یہ حد 13 سال (معذوروں کے لیے 17 سال) ہوگی۔ غیر
پسماندہ طبقے کے طلباء سے کل 200 روپے فیس لی جائے گی جس میں 50 روپے داخلہ اور
150 روپے امتحانی فیس شامل ہیں۔ درج فہرست ذات و قبائل، پسماندہ اور معذور طلباء
کے لیے یہ فیس 125 روپے مقرر کی گئی ہے۔ ہر اسکول کو سالانہ 200 روپے رجسٹریشن فیس
جمع کرانی ہوگی۔
چھٹویں کلاس کے لیے پرائمری اسکالرشپ امتحان کے ساتھ ہی ودیانکیتن داخلہ امتحانات بھی پہلے کی
طرح لیے جائیں گے۔ حکومت نے وظائف میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ
کلاس چوتھی کے طلباء کو 500 روپے ماہانہ اور ساتویں جماعت کے طلباء کو 750 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا، جو تین سال تک جاری رہے گا۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے