ڈی آئی جی نے کٹھوعہ میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا
جموں، 18 اکتوبر (ہ س)۔ جموں، سانبہ، کٹھوعہ رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس شیو کمار شرما نے ہفتہ کو ضلع کٹھوعہ کا دورہ کیا اور ہدایت دی کہ رات کے وقت چیک پوائنٹس کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ سماج دشمن اور ملک دشمن عناصر پر مؤثر نگرانی رکھی جا سکے۔ پولیس حکام کے مطابق ڈی آئی جی نے اجلاس کے دوران بین الا داراتی ہم آہنگی، بروقت خفیہ معلومات کے تبادلے اور ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ حساس علاقوں کو محفوظ بنایا جا سکے، جو ماضی میں سرحد پار دہشت گردی اور اسمگلنگ کی سرگرمیوں کے لیے حساس رہے ہیں۔
کٹھوعہ میں منعقدہ اجلاس میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس موہیتا سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مختلف سیکورٹی معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا اور مشترکہ چیک پوائنٹس کے قیام کی ہدایات دی گئیں تاکہ حفاظتی اقدامات کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ ڈی آئی جی نے حساس علاقوں میں ولیج ڈیفنس گارڈز سے ملاقات کی اور سرحدی پولیس چوکیوں کا معائنہ بھی کیا۔ افسران کو ہدایت دی گئی کہ تمام ناکوں کو مزید مضبوط کیا جائے اور سماج دشمن عناصر پر قریبی نظر رکھی جائے۔ اس کے ساتھ ہی مقامی لوگوں سے اپیل کی گئی کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی بروقت اطلاع پولیس کو فراہم کریں۔
پولیس حکام نے ڈی آئی جی کو بارڈر سیکورٹی گرِڈ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جس میں کمزوریوں، نگرانی کے نظام، دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ رابطے اور زمینی سطح پر تیاریوں پر خاص توجہ دی گئی۔ شیو کمار شرما نے ہیرانگر سیکٹر میں بارڈر آؤٹ پوسٹ ٹاپن لونڈی موڑ پر تعینات بی ایس ایف اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر