بھوپال، 17 اکتوبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش پولیس نے دیوالی اور دیگر بڑے تہواروں کے موقع پر شہری سلامتی اور عوامی امن کو یقینی بنانے کے لیے ریاست بھر میں غیر قانونی دھماکہ خیز مواد کے خلاف موثر کارروائی کی ہے۔ پولیس فورس نے بغیر لائسنس دھماکہ خیز مواد کی تیاری، ذخیرہ اندوزی، نقل و حمل اور فروخت پر کڑی نظر رکھی۔ اس کارروائی کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع میں اب تک 24 لاکھ 36 ہزار 200 روپے مالیت کا غیر قانونی دھماکہ خیز مواد ضبط کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ریاستی پولیس نے بتاییا کہ مرینا میں 608,000 روپے، دموہ میں 500,000 روپے، ساگر میں 400,000 روپے، چھتر پور میں 200,000 روپے، اشوک نگر میں 180,000 روپے اور کھرگون میں 130,000 روپے کے غیر قانونی پٹاخے ضبط کیے گئے ہیں۔ پولیس فورس تمام اضلاع میں اس مہم کو جاری رکھے ہوئے ہے اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید تیزی لانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے ہدایت دی ہے کہ تہواروں کے موقع پر سکیورٹی انتظامات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کی ہدایات کے مطابق پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کیلاش مکوانا نے تمام اضلاع کے پولیس افسران کو یہ یقینی بنانے کے احکام دیے ہیں کہ تہوار کے موسم میں سکیورٹی انتظامات کو مشن موڈ میں نافذ کیا جائے۔
پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کیلاش مکوانا نے تمام اضلاع کے پولیس افسران کو ہدایت دی ہے کہ اس مہم کو مشن موڈ میں چلائیں اور غیر قانونی طور پر دھماکہ خیز مواد ذخیرہ یا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
ساتھ ہی پولیس محکمے نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بغیر لائسنس پٹاخوں کی خرید و فروخت یا ذخیرہ اندوزی سے پرہیز کریں، کیونکہ یہ نہ صرف قانونی جرم ہے بلکہ عوامی سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ پیدا کرتا ہے۔ اگر کسی علاقے میں غیر قانونی پٹاخوں کی تیاری، فروخت یا ذخیرہ اندوزی ہوتی دکھائی دے تو فوراً اس کی اطلاع مقامی پولیس یا ڈائل-112 پر دیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن