لداخ , 14 اکتوبر (ہ س)۔ لداخ کو ملک کا نمایاں سرمائی کھیلوں کا مرکز بنانے کی سمت ایک بڑا قدم اُٹھاتے ہوئے انتظامیہ نے دراس اور زنسکار میں جدید کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ خطے کے منفرد جغرافیائی خدوخال اور سخت سرد موسم کو دیکھتے ہوئے یہ اقدامات لداخ کو بین الاقوامی سطح پر سردیوں کے کھیلوں کا مرکز بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت تصور کیے جا رہے ہیں۔
یہ بات لیفٹیننٹ گورنر لداخ کویندر گپتا نے دراس و زنسکار میں مجوزہ منصوبوں سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیئرمین ایل اے ایچ ڈی سی کرگل ڈاکٹر محمد جعفر اخون، ایگزیکٹو کونسلر انجینئر پنچوک تاشی، دراس و زنسکار کے کونسلرز، سکریٹری محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان بھانو پربھا، جوائنٹ ڈائریکٹر طاہر حسین، متعدد سرکاری افسران اور اسکی ایسوسی ایشن و زنسکار اسکی اسکول کے نمائندے شریک تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مرکز کے تعاون سے لداخ کو گلمرگ کی طرز پر عالمی معیار کے ونٹر اسپورٹس حب کے طور پر ترقی دینا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے ونٹر اسپورٹس اکیڈمی کے قیام، چیئر لفٹ اور اسکی ڈریگ لفٹ سہولیات کی تنصیب جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جو نہ صرف سیاحت کو فروغ دیں گے بلکہ مقامی آبادی کے لیے پائیدار روزگار کے مواقع بھی فراہم کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ لیہہ کے این ڈی ایس اسٹیڈیم اور کرگل میں چِلنگ پلانٹس کی تنصیب عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ سال بھر مصنوعی برف کے رِنکس دستیاب رہ سکیں۔ اس سے مقامی کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر بالخصوص ونٹر اولمپکس جیسے مقابلوں کے لیے تربیت حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیلو انڈیا ونٹر گیمز اور آئس ہاکی ٹورنامنٹس جیسے اہم ایونٹس ہر سال لداخ میں منعقد کیے جائیں گے تاکہ خطے کو ایک متحرک اور بین الاقوامی معیار کے ونٹر اسپورٹس مرکز کے طور پر اجاگر کیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران ایل اے ایچ ڈی سی کرگل کے نمائندگان اور اسکی ایسوسی ایشن کے اراکین نے انتظامیہ کی پیش قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں پر فوری عمل درآمد سے لداخ کی حقیقی صلاحیت دنیا کے سامنے آئے گی۔قبل ازیں، رونماس پرائیویٹ انڈیا کمپنی کے نمائندوں نے مجوزہ منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں، جن کے مطابق پہلے مرحلے میں چیئر لفٹ اور اسکی ڈریگ لفٹ کی تنصیب جبکہ دوسرے مرحلے میں ونٹر اسپورٹس اکیڈمی کے قیام کا منصوبہ شامل ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر