جموں, 14 اکتوبر (ہ س)۔ ضلع رامبن کے بانہال کے تٹھر علاقے میں منگل کی صبح اُس وقت فضا سوگوار ہو گئی جب ایک دل دہلا دینے والے سانحے میں باپ اور بیٹے دونوں نے چند لمحوں کے وقفے میں دم توڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق 45 سالہ شبیر احمد ولد محمد اکبر اور اُن کا 14 سالہ بیٹا سہیل احمد، سکنہ تٹھر بانہال کو صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے سب ڈسٹرکٹ اسپتال بانہال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق سہیل احمد کچھ عرصے سے علیل تھا۔ منگل کی صبح جب اُس کی حالت بگڑ گئی تو اہل خانہ اُسے فوری طور پر اسپتال لے جا رہے تھے کہ راستے میں وہ باپ کی گود میں ہی دم توڑ گیا۔ بیٹے کی اچانک موت کا صدمہ باپ شبیر احمد برداشت نہ کر سکا اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ بھی دل کا دورہ پڑنے سے موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
اس المناک واقعہ نے پورے تٹھر بانہال علاقے کو گہرے غم و اندوہ میں مبتلا کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ واقعہ نہ صرف افسوسناک بلکہ انسانی جذبات کو جھنجھوڑ دینے والا ہے، جس نے ہر دل کو غم سے بھر دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر