شعبہ سنی دینیات کے اساتذہ و ریسرچ اسکالرز کی حیدرآباد میں منعقدہ بین الاقوامی سیمینار میں شرکت
علی گڑھ, 13 اکتوبر (ہ س) شعبہ سنی دینیات کے اساتذہ اور ریسرچ اسکالرز نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کے شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے زیر اہتمام منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی سیمینار میں شرکت کی اور مختلف علمی و تحقیقی موضوعات پر اپنے مقالات پی
شعبہ سنی دینیات کے اساتذہ و ریسرچ اسکالرز کی حیدرآباد میں منعقدہ بین الاقوامی سیمینار میں شرکت


علی گڑھ, 13 اکتوبر (ہ س) شعبہ سنی دینیات کے اساتذہ اور ریسرچ اسکالرز نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کے شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے زیر اہتمام منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی سیمینار میں شرکت کی اور مختلف علمی و تحقیقی موضوعات پر اپنے مقالات پیش کیے۔

اس علمی و فکری اجلاس میں ڈاکٹر ندیم اشرف (اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ سنی دینیات) نے ”تکثیری معاشرے میں بقائے باہم کا اسلامی تصور“کے عنوان سے مقالہ پیش کیا۔ ڈاکٹر ریحان اختر نے ”اسلام: امن و آشتی کا آفاقی منشور“، ڈاکٹر شائستہ پروین نے ”ہندو مذہب میں امن و آشتی کا تصور“، ڈاکٹر محمد سہیل نے ”بین المذاہب مکالمہ اور عالمی امن: ایک تحقیقی مطالعہ“، اور ڈاکٹر محمد ناصر نے ”ہندوستانی مذاہب کا پیغامِ امن: ہندو ازم کے حوالے سے ایک مطالعہ“ کے موضوعات پر اپنے تحقیقی افکار پیش کیے۔

ریسرچ اسکالرز میں ام ایمن نے ”مذہب اور عصرِ حاضر کے چیلنجز“، فاطمہ زہرا نے ”احادیث کی روشنی میں امن کا قیام“، اور مہوش سلطان نے ”امن کے فروغ میں نوجوانوں کا کردار“ کے عنوانات پر اپنے مقالات پیش کیے، جنہیں شرکائے سیمینار نے سراہا۔

سیمینار کی افتتاحی تقریب میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ کلیدی خطاب معروف سماجی مفکر پروفیسر رام پنیانی نے پیش کیا، جبکہ صدارت شیخ الجامعہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، پروفیسر سید عین الحسن نے کی۔

شرکائے سیمینار نے اس علمی اجتماع کو افکار و نظریات کے تبادلے کا بہترین موقع قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے بین الاقوامی علمی پروگرام قوم و ملت میں علمی بیداری، فکری اعتدال اور امن و آشتی کے پیغام کو عام کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande