علی گڑھ, 13 اکتوبر (ہ س)۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ایس این ہال کی نئی منتخب ہال کمیٹی کے عہدیداروں کو عہدے اور ذمہ داریاں تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت پرووسٹ، پروفیسر عروس الیاس نے کی۔ وارڈنز، طالبات اور ہال کے عملے کے اراکین اس موقع پر کثیر تعداد میں موجود رہے۔
تقریب میں کمیٹی کے منتخب شدہ اراکین کو بَیج پہنائے گئے۔ پرووسٹ اور وارڈنز نے نئے ممبران کو ان کے عہدوں کی ذمہ داریاں سپرد کیں۔ پروفیسر عروس الیاس نے نئی ٹیم کو مبارکباد دی اور انہیں خلوص اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی تلقین کی۔ انہوں نے نظم و ضبط، تعاون اور ذمے داری کی اہمیت پر زور دیا اور طالبات سے کہا کہ وہ ہال کے علمی و ثقافتی ماحول کو بہتر بنانے، ہم آہنگی اور ٹیم ورک کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کریں۔
وارڈنز نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ہال کی سرگرمیوں، صفائی مہمات اور ثقافتی پروگراموں میں فعال شرکت کے ساتھ ساتھ تعلیمی کارکردگی اور کھانے پینے کی سہولیات میں صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس کے بعد ایک مذاکرہ ہوا جس میں طالبات نے ہال کی زندگی سے متعلق مختلف امور و مسائل اٹھائے۔ پرووسٹ اور وارڈنز نے ان مسائل کو غور سے سنا اور مؤثر حل کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ علاوہ ازیں، کھانے، دفتر اور مرمت و دیکھ بھال سے متعلق عملہ کے اراکین کے ساتھ ایک علاحدہ نشست بھی ہوئی، جس میں ان سے اپنی روزمرہ ذمہ داریوں میں مؤثر کارکردگی کو یقینی بنانے کی تاکید کی گئی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ