ویمنس کالج میں تصوف اور خواتین کی تعلیم کا فروغ موضوع پر لیکچر کا اہتمام
علی گڑھ، 13 اکتوبر (ہ س)۔ ویمنس کالج میں ویمنس کالج ہسٹری اسٹڈی سرکل کے زیر اہتمام ممتاز مؤرخ پروفیسر ایس ایم عزیز الدین حسین نے ”تصوف اور خواتین کی تعلیم کا فروغ“ موضوع پر لیکچر دیا۔ انھوں نے اپنے خطاب میں اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح صوفی تعلیمات نے تاریخی طور پر خواتین کی تعلیم اور تفویض اختیارات کی حمایت کی۔ انہوں نے قرآنی اصولِ مساوات اور تعلیم کو ایک روحانی حق اور ارتقاء کے وسیلے کے طور پر پیش کرتے ہوئے تاریخی متون اور مثالوں سے ثابت کیا کہ تصوف نے خاص طور پر خواتین کے لیے ہمیشہ علم حاصل کرنے کو اہمیت دی ہے۔
نشست کی صدارت پروفیسر شگفتہ امتیاز (شعبہ انگریزی، اے ایم یو) نے کی۔ انہوں نے پروفیسر عزیز الدین حسین کا خیرمقدم کیا اور اسٹڈی سرکل کی جانب سے تاریخی اور عصری تحقیقی رجحانات پر مکالمہ اور شعور اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ لیکچر کے بعد ایک سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا، جس کی نظامت نائب صدر زینب فائزہ اسلام نے کی۔
اختتامی کلمات پروفیسر شاداب بانو نے ادا کیے۔
ویمنس کالج ہسٹری اسٹڈی سرکل کی صدر ناز خان نے اسٹڈی سرکل اور اس کی نئی ٹیم کا تعارف پیش کیا۔ اسٹڈی سرکل کی مختلف کمیٹیوں میں شامل ذیلی شعبہ جات طالبات کی قیادت میں سرگرم عمل ہیں۔ ہیریٹیج واک اینڈ ٹورزم کمیٹی کی صدر ہادیہ کے، بک ڈسکشن و لیکچر آرگنائزیشن کی صدر دیپیکا ماتھر، سوشل میڈیا اینڈ پرسنل ریلیشنز کی صدر شاذیہ عصمت فاطمہ دیانہ، اسٹوڈنٹ موبلائزیشن کی صدر انجنا بینو، فلم اسکریننگ کی صدر سارہ صمدانی اور میگزین کی سربراہ رحمت سلیمہ ہیں۔ آخر میں سکریٹری طہورہ شکیل نے شکریہ ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ