جموں, 13 اکتوبر (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی صدارت میں آج راج بھون میں شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کی ایگزیکٹو کونسل کی 36ویں میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ کے دوران مختلف تعلیمی و انتظامی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور پیش کیے گئے کئی اہم ایجنڈا نکات کو اصولی منظوری دی گئی۔لیفٹیننٹ گورنر نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ نیشنل ایجوکیشن پالیسی 2020 کے اہداف کے مطابق نصاب کا جامع جائزہ لے کر اسے باقاعدگی سے اپڈیٹ کرے تاکہ شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کو قومی سطح پر ایک ممتاز تعلیمی ادارے میں تبدیل کیا جا سکے۔
انہوں نے طلباء میں لائف لانگ لرننگ کے رجحان، سماجی اشتراک، داخلوں میں اضافہ، صنعت کے ساتھ تعاون، مختصر مدتی کورسز کے ذریعے ہنر میں بہتری، تحقیق، اختراع، پیٹنٹ رجسٹریشن، فیکلٹی و عملے کی مضبوطی اور آئندہ تعلیمی سال سے نئے پروگرامز کے آغاز پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے یونیورسٹی میں زبانوں کے لیے ایک خصوصی فیکلٹی قائم کرنے کی ہدایت بھی دی، جو ہندی، ڈوگری، فرانسیسی اور جرمن زبانوں کے مربوط کورسز پیش کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ غیر ملکی زبانوں اور تکنیکی کورسز میں داخل طلباء کو ہندی اور ڈوگری سیکھنے کی بھی ترغیب دی جائے۔انہوں نے یونیورسٹی کے تمام ریکارڈز کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے نفاذ کی ہدایت دی۔
میٹنگ میں یونیورسٹی کے جاری منصوبوں، تعمیراتی کاموں، نیشنل ایجوکیشن پالیسی 2020 کے نفاذ، داخلوں، تقرریوں، اساتذہ کی ترقی، غیر تدریسی عملے کی نان فنکشنل پروموشن، طلباء کے لائف سائیکل مینجمنٹ سسٹم کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن اور ای-سمرتھ ڈیش بورڈ کے استعمال سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی کو ٹی سی ایس کیمپس پلیسمنٹ پروگرام کے تحت تین سال کے لیے ٹی سی ایس پرائیوریٹی کالج کا درجہ دیا گیا ہے۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) پرگتی کمار نے ایگزیکٹو کونسل کے سامنے مختلف ایجنڈا نکات پیش کیے جنہیں منظوری و توثیق حاصل ہوئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر