نئی دہلی، 13 اکتوبر (ہ س)۔ دہلی فسادات کی منصوبہ بندی کے ملزم شرجیل امام نے بہار اسمبلی انتخابات لڑنے کے لئے عبوری ضمانت کی درخواست ککڑڈوما کورٹ میں دائر کی ہے۔ توقع ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج سمیر باجپئی 14 اکتوبر کو عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کریں گے۔شرجیل امام نے 15 سے 29 اکتوبر کے درمیان عبوری ضمانت کی درخواست کی ہے۔ اپنی درخواست میں امام نے کہا کہ وہ سیاسی قیدی اور طالب علم کارکن ہیں اور بہار کے بہادر گنج سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ امام کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں اور وہ آزاد امیدوار ہیں۔دہلی ہائی کورٹ نے 2 ستمبر کو شرجیل امام کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ ہائی کورٹ کی طرف سے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد، امام نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔شرجیل امام کو 25 اگست 2020 کو بہار سے گرفتار کیا گیا تھا۔ دہلی پولیس نے یو اے پی اے کے تحت ان کے خلاف داخل کی گئی چارج شیٹ میں کہا ہے کہ امام شہریت ترمیمی قانون (سی ا ے اے) کے خلاف مظاہروں کو پورے ہندوستان کی سطح تک لے جانے کے لیے بے چین تھے اور ایسا کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے تھے۔شرجیل امام کے خلاف داخل کی گئی چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ اس نے ایسی تقاریر کیں جس میں مرکزی حکومت کے خلاف نفرت پھیلائی گئی اور تشدد کو ہوا دی گئی، جس سے دسمبر 2019 میں تشدد ہوا تھا۔ دہلی پولیس نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہروں کی آڑ میں ایک گہری سازش رچی گئی تھی۔ قانون کے خلاف پروپیگنڈہ مسلم اکثریتی علاقوں میں پھیلایا گیا، جس میں مسلمانوں کی شہریت چھیننے اور انہیں حراستی کیمپوں میں نظر بند کرنے کی دھمکی دی گئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan