جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کا 63واں یوم تاسیس منایا گیا
علی گڑھ, 13 اکتوبر (ہ س) جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کا 63واں یومِ تاسیس انتہائی جوش و وقار کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ایم بی بی ایس 2021 بیچ کی الوداعی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ کالج کے آڈیٹوریم میں ایک شاندار ثقافتی پروگرام منعقد ہوا، جس میں طلبہ
جواہر لعل نہرو  میڈیکل کالج پروگرام


علی گڑھ, 13 اکتوبر (ہ س) جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کا 63واں یومِ تاسیس انتہائی جوش و وقار کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ایم بی بی ایس 2021 بیچ کی الوداعی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ کالج کے آڈیٹوریم میں ایک شاندار ثقافتی پروگرام منعقد ہوا، جس میں طلبہ نے دل کو موہ لینے والی پیشکش سے حاضرین کو محظوظ کیا۔

مہمانِ خصوصی، اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ جے این میڈیکل کالج ملک کے مایہ ناز میڈیکل اداروں میں شامل ہے، جس نے نہ صرف ماہر ڈاکٹروں بلکہ ذمہ دار اور ہمدرد شہریوں کی بھی تربیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل طلبہ ادارے کے برانڈ سفیر ہیں، جو ملک و بیرونِ ملک دیگر معیاری اداروں میں اے ایم یو اور جے این میڈیکل کالج کا نام روشن کریں گے۔

پروفیسر نعیمہ نے اس بات پر زور دیا کہ طب ایک باعزت اور مقدس پیشہ ہے، اور کسی مریض کے لیے ایک ڈاکٹر کے چند شفقت بھرے الفاظ بھی شفا کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو اخلاص، خدمت اور انسانیت جیسے اوصاف کو اپنانے کی تلقین کی۔

مہمانِ اعزازی، اے ایم یو سے فارغ التحصیل پروفیسر شاہ عالم خان (سینئر آرتھوپیڈک سرجن، ایمس،نئی دہلی) نے کہا کہ جے این میڈیکل کالج کے فارغ التحصیل ڈاکٹروں نے قومی و بین الاقوامی سطح پر ادارے کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے مستقبل کے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ اپنے مریضوں کا صرف طبی علاج ہی نہ کریں بلکہ ہمدردی اور انفرادی توجہ کے ساتھ علاج کریں۔ انہوں نے طلبہ کو بڑے خواب دیکھنے اور خوبصورت انداز میں خواب دیکھنے کی ترغیب دی۔

پروفیسر محمد حبیب رضا (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن، پرنسپل و سی ایم ایس، جے این میڈیکل کالج) نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ کالج کا قیام 1962 میں صرف 40 نشستوں کے ساتھ ہوا تھا، جو اب بڑھ کر 150 ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے این میڈیکل کالج بانیئ درسگاہ سر سید احمد خاں کے مشن کو آگے بڑھا رہا ہے اور ملک کے صف اول کے طبی اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے کووِڈ 19 وبا کے دوران اساتذہ اور طلبہ کی خدمات کا بھی ذکر کیا اور انھیں سراہا۔

پروفیسر نجم خلیق(شعبہ کمیونٹی میڈیسن) نے استقبالیہ خطاب پیش کرتے ہوئے کہا کہ یومِ تاسیس اور 2021 بیچ کی الوداعی تقریب کا ایک ساتھ انعقاد ایک تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے این میڈیکل کالج نے ملک بھر میں خدمات انجام دینے والے ہزاروں ماہر ڈاکٹروں کو تیار کیا ہے، جو نہ صرف تعلیم بلکہ ادب و ثقافت کے میدان میں بھی نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ پروفیسر نیر آصف (شعبہ آرتھوپیڈکس) نے شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت پروفیسر فاطمہ خان اور ڈاکٹر بشریٰ صدیقی نے کی۔ میڈیکل طلبہ شاذیہ اور عبداللہ فہد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande